ایسٹ لندن میں رہزنی کی واردات کے دوران خاتون کا حمل ضائع

November 27, 2020

لندن (پی اے) ایسٹ لندن میں رہزنی کی ایک واردات کے دوران پیٹ پر ککس مارنے سے خاتون کا حمل ضائع ہو گیا۔ یہ واقعہ کیمبرج پارک والتھم فاریسٹ ایسٹ لندن میں ایک بس سٹاپ پر پیش آیا جب 26 جولائی کو مقامی وقت 14:30 بی ایس ٹی پر متاثرہ خاتون کو ایسالٹ کیا گیا اور اس کا فون چھینا گیا۔ میٹ پولیس نے کہا کہ اس واقعےکے وقت وہ 9 ہفتے کی حاملہ تھی اور تھوڑی دیر بعد ہی اس کا حمل ضائع ہو گیا۔ آفیسرز نے حملہ آور کی ای فٹ جاری کر دی ہے، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ 30 سالہ مشتبہ شخص مکسڈ نسل سے تعلق رکھتا ہے اور اس کا بایاں بازو ٹیٹوز سے کور ہے۔ اس نے ڈارک بلیو شارٹس اور ڈارک بلیو بیس بال کیپ پہن رکھی تھی اور اس کے پاس سفید بیگ تھا۔ وہ بغیر مڈ گارڈ والی سفید بائیک پر خاتون کے پاس پہنچا اور حملے کے بعد وانسٹیڈ ٹیوب سٹیشن کی جانب فرار ہو گیا۔ ڈیٹیکٹیو انسپکٹر جیمز پیپریل نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک کیس ہے جس نے متاثرہ خاتون کی زندگی کو تبدیل کر کے رکھ دیا ہے۔ یہ کہنے کی ضرورت نہیں ہے کہ اس واقعے سے متاثرہ خاتون اور اس کی فیملی کو شدید دلی صدمہ اور تکلیف ہوئی ہے۔