مریم نواز جذباتی کیوں ہوئیں؟

November 28, 2020

مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز ٹوئٹر صارف کا پیغام دیکھ کر اپنے والد کو یاد کرتے ہوئے جذباتی ہو گئیں۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف نے ایک جذباتی تصویر شیئر کی ہے جس میں مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف اپنی بھتیجی مریم نواز کو ہمت و حوصلہ دیتے نظر آ رہے ہیں۔

مریم نواز نے صارف کا ٹوئٹ اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے جذباتی انداز میں لکھا کہ ’چچا سے ملنے پر مجھے ایسا محسوس ہوا کہ جیسے میں نے اپنے والد سے ملاقات کی ہے۔‘

مسلم لیگ نون کی نائب صدر نے چچا سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں دل والے ایموجی کا بھی اضافہ کیا۔

دوسری جانب مریم نواز نے ایک اور ٹوئٹ میں اپنے والد نواز شریف کی تصویر بھی شیئر کی جس میں وہ آخری مرتبہ اپنی والدہ مرحومہ بیگم شمیم اختر کا دیدار کرتے نظر آرہے ہیں۔

مریم نواز نے ٹوئٹر پر تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’ماں کی دعاؤں کا مستحق بیٹا اپنی ماں کو اپنے اللّٰہ کے حوالے کرتے ہوئے۔‘

واضح رہے کہ سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف اور صدر نون لیگ شہباز شریف کی والدہ محترمہ بیگم شمیم اختر کی میت لندن سے لاہور پہنچا دی گئی ہے۔

مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے لاہور ایئر پورٹ پر بیگم شمیم اختر کی میت وصول کی، نواز شریف اور شہباز شریف کی ہمشیرہ کوثر بیگم بھی میت کے ساتھ لاہور پہنچی ہیں۔

سابق وزیرِ اعظم نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی میت تدفین کے لیے جاتی امراء شریف میڈیکل کمپلیکس پہنچا دی گئی، اُن کی نمازِ جنازہ دوپہر ڈیڑھ بجے شریف میڈیکل کمپلیکس میں ادا کی جائے گی۔

بیگم شمیم اختر کی نمازِ جنازہ گزشت روز لندن کے ریجنٹ پارک کی مسجد میں بھی ادا کی گئی تھی جس میں نواز شریف، حسین نواز، حسن نواز، اسحاق ڈار، اُن کے بیٹے علی ڈار اور قریبی عزیز شریک ہوئے تھے۔