راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک )لندن میں سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی والدہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ لندن کے ریجنٹ پارک کی مسجد میں ادا کی گئی۔نماز جنازہ میں نواز شریف، خاندان کے دیگر افراد اور قریبی ساتھی شریک ہوئے۔
میت لندن سے لاہور روانہ کردی گئی ہے، میت آج ہفتے کی صبح لاہور پہنچے گی جہاں نماز ظہر کے بعد شریف میڈیکل سٹی میں دوسری نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور لاہور ہی میں انہیں سپرد خاک کردیا جائے گا ۔
قبل ازیں لندن میں کورونا وائرس کے باعث عائد پابندیوں کی وجہ سے مسجد میں صرف 30 افراد کو نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت دی گئی تھی۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق مرحومہ بیگم شمیم اختر کی میت آج( ہفتہ کی )صبح لاہور پہنچے گی اور ان کی نماز جنازہ رائیونڈ میں ظہرکی نماز کے بعد شریف میڈیکل سٹی میں ادا کی جائے گی۔
مرحومہ کے ایصال ثؤاب کے لئے رسم قل کل اتوار کو ہو گی جس میں صرف شریف خاندان کے افراد ہی شرکت کریں گے۔