امریکا: 1 دن میں 2 لاکھ کورونا وائرس کیسز، 1500 ہلاکتیں

November 28, 2020

دنیا کا کوئی خطہ کورونا وائرس کی موذی وباء سے محفوظ نہیں، اس کے مریضوں اور اموات میں مسلسل اضافہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکا میں 2 لاکھ سے زائد کیسز اور 1500 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں مسلسل 25 روز سے یومیہ 1 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکا میں کورونا کے مجموعی کیسز 1کروڑ 34 لاکھ اور اموات 2 لاکھ71 ہزار ہوگئی ہیں، جس کے بعد لاس انیجلس کاؤنٹی میں پیر سے نئی پابندیوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔

نئی پابندیوں کے تحت لاس انیجلس میں اجتماعات پر پابندی ہوگی اور لوگوں کو گھروں پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

امریکی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے مطابق امریکا میں3 ہفتوں کے دوران کورونا وائرس سے تقریباً 60 ہزار مزید اموات ہوسکتی ہیں۔

دوسری جانب خبرایجنسی کے مطابق یورپ میں کرسمس اور نئے سال کے موقع پر پابندیوں میں نرمی کردی گئی ہے، فرانس اور پولینڈ میں آج سے اسٹورز کھل گئے۔

خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ بیلجیئم، جرمنی اور نیدرلینڈز میں بھی پابندیوں میں نرمی کی گئی ہےجبکہ اٹلی کے مختلف ریجن میں کل سے پابندیوں میں جزوی نرمی کی جائے گی۔

کینیڈین وزیراعظم کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کینیڈا کےمختلف شہروں میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین ستمبر تک میسر ہوگی۔