شہباز اور حمزہ کے پیرول کی مدت آج سے ختم

December 02, 2020


صدر مسلم لیگ نون اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت آج سے ختم ہو رہی ہے۔

مسلم لیگ نون کی جانب سے محکمۂ داخلہ پنجاب کو میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہبازکی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کی درخواست دی گئی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ لوگ شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے افسوس اور دعا کیلئے آنا چاہتے ہیں، لہٰذا ان کے پیرول کی مدت میں توسیع کی جائے، دونوں کی پیرول پر رہائی کی مدت آج ختم ہو رہی ہے۔

دوسری جانب درخواست موصول ہونے کے بعد پنجاب حکومت نے مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

ادھر وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 12 گھنٹے کی بجائے 5 روزہ پیرول پر رہا کیا گیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ انوکھا ریلیف انسانی ہمدردی پر دیا گیا، پیرول کی مدت میں توسیع نہیں دی جا سکتی۔