یورپ کےلیے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی برقرار

December 03, 2020



یورپ کے لیے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی برقرار رہے گی، پاکستان سی اے اے سیفٹی مینجمنٹ اور لائسنسنگ سسٹم پر مطمئن نہیں کرسکی، یورپین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی ایاسا نے پی آئی اے کو جوابی خط لکھ کر آگاہ کر دیا۔

یورپین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پروازوں کی سلامتی کے لیے پی آئی اے کے اقدامات پر اظہار اعتماد کیا ہے۔

خط میں لکھا ہے کہ لائسنسنگ سسٹم کی بہتری کے لیے سی اے اے نے مطلوبہ اقدامات نہیں کیے، فی الحال پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی کا خاتمہ نہیں کیا جاسکتا، پابندی اُٹھانے کے لیے سی اے اے کا سیفٹی آڈٹ ضرروی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیفٹی مینجمنٹ اور لائسنسنگ سسٹم پر عالمی اداروں کے تحفظات برقرار ہیں، تمام پاکستانی ائیرلائنز کے یورپ میں داخلے پر پابندی غیر معینہ مدت کےلیے رہے گی۔

ای یو نے پی آئی اے پر پابندی پائلٹوں کے جعلی لائسنس سے متعلق وفاقی وزیر کے بیان پر لگائی تھی۔