13ویں عالمی اُردو کانفرنس کا افتتاح،ایس او پیز کی پابندی

December 04, 2020

13ویں عالمی اُردو کانفرنس کا افتتاح،ایس او پیز کی پابندی

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) عالمی وبا کورونا کے باعث پیدا ہونے والی پیچیدہ صورت حال اور نامساعد حالات کے باوجود جمعرات کوآرٹس کونسل آف پاکستان کراچی نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے تیرہویں عالمی اردو کانفرنس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی اجلاس آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم میں تمام تر ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے منعقد ہوا، صدارت نامور شاعرہ زہرا نگاہ نے کی اجلاس میں صوبائی وزیر ثقافت سید سردار شاہ بطور مہمان خاص شریک ہوئے۔اس موقع پر اسٹیج پر نامور ادیب وشاعرپیرزادہ قاسم ،حسینہ معین،نورالہدیٰ شاہ،شاہ محمد مری ،زاہدہ حنا،یوسف خشک،اسد محمد خان،پروفیسر سحر انصاری،آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ، خازن، قدسیہ اکبر و دیگر موجود تھےجبکہ ہندوستان سے نامور محقق و ادیب شمیم حنفی،گوپی چند نارنگ لاہور سے یاسمین حمید اور اور افتخار عارف ویڈیو لنک کےذریعہ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں شریک ہوئے ،ماسک کے بغیر کسی کو بھی آڈیٹوریم میں داخل ہونے کی اجازت نہیں تھی جبکہ ایس او پیز کے تحت آڈیٹوریم میں ایک نشست چھوڑ کرشرکاء کو بیٹھنے کی اجازت تھی ۔ کانفرنس6 دسمبر تک روزانہ صبح سے شام تک جاری رہے گی۔