دلجیت نے غلط بیانی پر کنگنا کی طبعیت صاف کردی

December 04, 2020

بالی ووڈ اداکاروں کنگنا رناوت اور دلجیت دوسانج کے درمیان ان دنوں لفظوں کی جنگ جاری ہے اور اسکی وجہ بالی ووڈ کی معروف ہیروئن اور پنگا فلم کی اداکارہ کنگنا رناوت کی ایک ’جعلی ٹوئٹ‘ بنی۔

اس ٹوئٹ میں کنگنا نے شمالی بھارت میں جاری کسانوں کے احتجاج میں شریک ایک پنجابی خاتون کے بارے میں ایک ٹوئٹ کی۔ ان دونوں کے درمیان سوشل میڈیا پر جیسے جیسے یہ جنگ گھمسان کا رن اختیار کرنے لگی تو اس میں انڈسٹری کے بہت سے دیگر اداکار بھی کود پڑے جن میں میکا سنگھ، سورا بھاسکر، گپی گریوال، راج نیت باوا اور ایمی ورک شامل تھے۔

ان تمام اداکاروں نےدلجیت دوسانج کو سپورٹ کرنا شروع کردیا۔ اس جنگ کی وجہ گزشتہ ماہ کی 27 تاریخ کو کنگنا رناوت نے ایک ٹوئٹ کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ 82 سالہ بلقیس بانو المعروف شاہین باغ کی دادی، بھی فارمرز سے متعلق تین بلوں کے خلاف جاری کسانوں کے احتجاج کا حصہ ہیں۔

اس ٹوئٹ میں تصاویر بھی تھیں جن میں کنگنا کی خیالی بلقیس بانو اور احتجاج کرنے والی دیگر خواتین بھی شامل تھیں۔ جس پر کنگنا نے انھیں کرائے کا احتجاجی قرار دیا۔

اس صورتحال پر بدھ کی شامدلجیت دوسانج نے جوابی ٹوئٹ میں ایک 73 سالہ خاتون مہندر کور کی ایک ویڈیو بھجوائی، یہ ویڈیو اسی خاتون کی تھی جسے کنگنا رناوت نے غلط طور پر شناخت کرتے ہوئے بلقیس بانو المعروف شاہین باغ کی دادی قرار دیا تھا۔

اس ویڈیو میں مہندر کور کسانوں کے ساتھ اپنے احتجاج کے حوالے سے گفتگو کرتی نظر آئیں، اس طرح مہندر کور نے کنگنا کے سو روپے میں احتجاج میں شامل ہونے والے دعوے کو غلط ثابت کردیا، ٹوئٹ کے آخر میں دلجیت نے لکھا ہے کہ دعوے سے پہلے ثبوت بھی چیک کرلیا کریں۔