ڈاکٹر شفیع بزنجو کی خدمات قومی تحریک کےلیے مشعل راہ ہیں،نیشنل پارٹی

December 05, 2020

کوئٹہ(پ ر)نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان نےایک اعلامیے میں نیشنل پارٹی کے تمام اضلاع کو ہدایت کی ہے کہ وہ15 دسمبرکو شہید ڈاکٹر شفیع بزنجو کی برسی کے موقع پر تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کرکے شہید ڈاکٹر شفیع بزنجو کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کریں۔شہید ڈاکٹر شفیع بزنجو کی شہادت ناقابل تلافی نقصان ہے،ان کا خلا پر کرنا بہت مشکل ہے۔بلوچ اکابرین نے بی ایس او کے مشعل تلے سیاست کا آغاز کیا۔شہید ڈاکٹر شفیع بزنجو نے بھی بی ایس او کے پرچم کو تھامتے ہوئے اکابرین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے قوم دوستی وطن دوستی کی تاریخ رقم کی۔بیان میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی نے سیاست میں اصول اور فکر و نظریات کو مقدم رکھا۔ان افکار پر کاربند رہ کر بلوچ سرزمین ساحل ووسائل اور قومی تشخص کی بقاء کی جدوجہد میں قربانی دی۔بیان میں کہا گیا کہ شہید ڈاکٹر شفیع بزنجو ایک ناقابل فراموش اور تاریخی شخصیت تھے۔انکی قومی خدمات نہ صرف سیاسی بلکہ طب کے حوالے سے بھی تھے۔وہ بیک وقت سیاسی قائد اور مسیحا بھی تھے ۔۔انہوں نے اپنے لوگوں کے علاج معالجے میں دن ورات ایک کی۔بیان میں کہا گیا کہ بلاشبہ شہید ڈاکٹر شفیع بزنجو کی شخصیت و قومی خدمات کسی بھی تحریک کےلیے مشعل راہ ہوتی ہیں۔