برسوں مسلط حکمرانوں نے معیشت، اداروں، سیاسی نظام کو معذور کیا: فردوس

December 05, 2020


وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ برسوں پنجاب پر مسلط حکمرانوں نے معیشت، اداروں، سیاسی نظام کو معذور کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے ایک بیان میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے یہ بات کہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ معذورافراد کو سہولتیں دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، حکومت معذور افراد کے لیے مختص 3 فیصد کوٹے پر عمل درآمد یقینی بنا رہی ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ پنجاب میں 580 ڈیلی ویج ملازمین کی مستقلی کا آغاز بھی ہو چکا ہے، خصوصی بچوں کے لیے اسپیشل ایجوکیشن پالیسی متعارف کرائی جا چکی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات کا یہ بھی کہنا ہے کہ 9 نئے اسپیشل ایجوکیشن سینٹرز اور 2 ڈگری کالجز اسی سلسلے کی کڑی ہے۔