پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے صوبے میں 3 نیشنل پارکس کی منظوری دے دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے ایک بیان میں پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے یہ بات کہی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ کلر کہار، سالٹ رینج میں 13 ہزار 7 سو ایکڑ پر نیشنل پارک بنایا گیا ہے، 8 ہزار 740 ایکڑ پر محیط کھیڑی مورت نیشنل پارک بھی بنایا گیا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے بتایا ہے کہ 38 ہزار 874 ایکڑ پر پبی رسول نیشنل پارک بھی تعمیر کیا گیا ہے، یہ تینوں پارک ماحولیاتی آلودگی کم کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ یہ پارک عوامی تفریح، سیاحت کے فروغ اورجنگلی حیات کیلئے معاون ثابت ہوں گے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت ماحولیاتی تحفظ اور عوامی دلچسپی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔