امریکا: گزشتہ روز کورونا وائرس سے 2 ہزار 637 اموات

December 06, 2020

امریکا میں گزشتہ روز کورونا وائرس سے 2 ہزار 637 اموات ہوئی ہیں جبکہ 2 لاکھ سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق امریکامیں کورونا وائرس کی ویکسی نیشن کے جمعے سے شروع ہونے کا امکان ہے، تاہم کورونا ویکسی نیشن ویکسین کی ایف ڈی اے سے منظوری سے مشروط ہے۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایف ڈی اے کا کورونا وائرس کی ویکسین کی منظوری سے متعلق اجلاس 10 دسمبر کو ہو گا۔

ادھر ریاست نیویارک میں گزشتہ روز 10 ہزار سے زائد کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، الاباما میں 3 ہزار 390، کیلی فورنیا میں 25 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 2 لاکھ 87 ہزار 825 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1 کروڑ 49لاکھ 83 ہزار 425 ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس کے امریکا میں 59 لاکھ 7 ہزار 862 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 26 ہزار 261 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 87 لاکھ 87 ہزار 738 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 کروڑ 68 لاکھ 57 ہزار 969 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 15 لاکھ 34 ہزار 570 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 1 کروڑ 90 لاکھ 79 ہزار 202 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 1 لاکھ 5 ہزار 972 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 4 کروڑ 62 لاکھ 44 ہزار 197 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔