زینب جمیل کے فیصلے پر سارہ چوہدری بھی خوش

December 07, 2020

گزشتہ روز اسلام کی خاطر اداکاری و ماڈلنگ سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کرنے والی زینب جمیل کے فیصلے پر سابقہ اداکارہ سارہ چوہدری نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

اس ضمن میں سارہ چوہدری نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں زینب جمیل کی وہ پوسٹ شیئر کی ہے جس میں اُنہوں نے شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

سارہ چوہدری نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں زینب جمیل سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’الحمد اللّہ میری بہن میں تمہارے اس فیصلے پر بہت خوش ہوں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میری ڈھیر ساری دُعائیں تمہارے ساتھ ہیں۔‘

دوسری جانب زینب جمیل نے اپنی انسٹا اسٹوری میں سارہ چوہدری کی دُعاؤں کے لیے اُن کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ زینب جمیل نے اپنی حالیہ انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا تھا کہ ’میں فخر سے اس بات کا اعلان کر رہی ہوں کہ میں نے اداکاری اور ماڈلنگ چھوڑ دی ہے۔‘

سابقہ اداکارہ و ماڈل نے اس موقع پر اللّہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’الحمدللّہ، اللّه پاک نے مجھے قرآن و حدیث کی تعلیم حاصل کرنے کا شرف بخشا ہے۔‘

اُنہوں نے کہا تھا کہ ’میں اب اپنی زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق بسر کرتے ہوئے دین اسلام کی زیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کروں گی۔‘

واضح رہے کہ زینب جمیل نے جیو انٹرٹینمنٹ کے متعدد ڈراموں میں کام کیا ہے جن میں سدا سکھی رہو،سُسرال میری بہن کا، منچلی، مل کے بھی ہم نہ ملے اور آپ کی کنیز سمیت دیگر ڈرامے شامل ہیں۔

دوسری جانب سارہ چوہدری ماضی میں پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ تھیں اور پھر انہوں نے اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا تھا۔ اُن کا مقبول ترین ڈراما ’تیرے پہلو میں‘ تھا جو جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر کیا گیا تھا۔