پاکستانی ڈراموں سے شہرت پانے والی معروف اداکارہ و ماڈل زینب جمیل نے اسلام کی خاطر شوبز چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
اس حوالے سے زینب جمیل نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر موجود اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر ایک خصوصی پوسٹ شیئر کی ہے۔
زینب جمیل کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ میں اُنہوں نے بتایا کہ ’میں فخر سے اس بات کا اعلان کر رہی ہوں کہ میں نے اداکاری اور ماڈلنگ چھوڑ دی ہے۔‘
سابقہ اداکارہ و ماڈل نے اس موقع پر اللّہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’الحمدللّہ، اللّه پاک نے مجھے قرآن و حدیث کی تعلیم حاصل کرنے کا شرف بخشا ہے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’میں اب اپنی زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق بسر کرتے ہوئے دین اسلام کی زیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کروں گی۔‘
واضح رہے کہ زینب جمیل نے جیو انٹرٹینمنٹ کے متعدد ڈراموں میں کام کیا ہے جن میں سدا سکھی رہو،سُسرال میری بہن کا، منچلی، مل کے بھی ہم نہ ملے اور آپ کی کنیز سمیت دیگر ڈرامے شامل ہیں۔
زینب جمیل سے قبل معروف ماڈل انعم ملک نے اسلام کی خاطر ماڈلنگ کی دُنیا کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا تھا۔
انعم ملک کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے ہمیشہ کے لیے ماڈلنگ کی دُنیا سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے دین اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا ہے۔