’ارطغرل غازی‘ نے بھی ’لاہور لاہور ہے‘ کا نعرہ لگادیا

December 11, 2020

پاکستان کے دورے پر آئے ترک اداکار انگین آلتان المعروف ’ارطغرل غازی‘ نے لاہور کا مشہور و معروف ’لاہور لاہور ہے‘ کا نعرہ لگا کر لاہوریوں کے دل جیت لیے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انگین آلتان نے کہا کہ لاہوریوں کی محبت زبردست ہے، لاہور لاہور ہے۔

انگین آلتان کے اردو میں ’لاہور لاہور ہے‘ کا نعرہ لگاتے ہی وہاں موجود تمام پرستار خوش ہوگئے۔

ترک اداکار نے کہا کہ پاکستانی کھانے بہت لذیذ ہیں لیکن مرچیں بہت زیادہ تھیں۔


انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی سیر کرنا چاہتا ہوں لیکن وقت کی کمی کے باعث کہیں جا نہیں سکا، پاکستان خوبصورت ملک ہے۔

انگین آلتان وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرنا نہ بھولے اور کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی طرف سے ارطغرل غازی کی تعریف میرے لیے اعزاز ہے۔