کورونا وائرس کے شکار مولانا طارق جمیل ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ

December 14, 2020

عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہونے والے معروف عالمِ دین مولانا طارق جمیل ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئے۔

گزشتہ روزنامور مبلغ اسلام مولانا طارق جمیل نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا تھا کہ اُن کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا ہے اس خبر کے بعد سے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ’مولانا طارق جمیل‘ کا نام ٹاپ ٹرینڈ پر ہے۔

بڑی تعداد میں مولانا طارق جمیل کے چاہنے والے اُن کے نام کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے اُن کی جلد صحتیابی کے لیے دُعائیہ پیغامات جاری کر رہے ہیں۔

ٹوئٹر صارفین کا کہنا ہے کہ وہ اللّہ تعالیٰ سے یہی دُعا کر رہے ہیں کہ مولانا صاحب جلد از جلد مکمل طور پر تندرست ہوکر اپنے گھر واپس آجائیں۔

صارفین کا کہنا ہے کہ اس وقت پورے پاکستان کی دُعائیں مولانا طارق جمیل کے ساتھ ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان بھی مولانا طارق جمیل کی کورونا وائرس سےجلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

یاد رہے کہ مولانا طارق جمیل نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ گزشتہ کچھ ایام سے طبعیت ناساز تھی، ٹیسٹ کروانے پر کورونا پازیٹو آیا ہے لہٰذا اطبّاء کے مشورے سے اسپتال داخل ہو گیا ہوں۔

اپنے پیغام میں معروف مبلغ اسلام نے تمام محبین سے خصوصی دعاؤں کی درخواست بھی کی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 46 ہزار 629 ، متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 38 ہزار 425 جبکہ اس عالمی وبا سے اموات کی تعداد 8 ہزار 796 ہوگئی ہے۔