امیتابھ بچن نے والدہ کیساتھ یادگار تصویر کیوں شیئر کی؟

December 22, 2020

بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے سوشل میڈیا پر والدہ کے ہمراہ اپنے بچپن کی یادگار تصویر شیئر کردی۔

امیتابھ بچن نے اپنی والدہ تیجi بچن کی 13ویں برسی کے موقع پر اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ماضی کی نایاب تصویر شیئر کی ہے۔


مذکورہ تصویر میں امیتابھ بچن کے ہمراہ اُن کی والدہ اور بھائی بھی موجود ہیں جبکہ تصویر میں اداکار کی عُمر بہت کم ہے۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویر بےرنگ یعنی بلیک اینڈ وائٹ ہے لیکن تصویر میں ماں اور اولاد کے خوبصورت رشتے کی عکاسی کی گئی ہے۔

امیتابھ بچن نے انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’یہ وہ خاص دن تھا جب ہم نے ایک ساتھ تصویر کھنچوائی تھی۔‘

اداکار نے بتایا کہ ’اس تصویر میں اُن کے ساتھ اُن کی والدہ اور بھائی موجود ہیں۔‘

اُنہوں نے ماضی کے اس خاص دن کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اس وقت اپنی بش شرٹ سب کو دِکھانا چاہتا تھا جو میں نے تصویر میں پہنی ہوئی ہے۔‘

واضح رہے کہ امیتابھ بچن کی والدہ تیجی بچن کا 2007ء میں انتقال ہوا تھا جبکہ ان کے والد اور معروف شاعر ہری ونش رائے بچن نے 2003ء وفات پائی تھی۔