دیپکا کا سال نو پر تمام پوسٹس ڈیلیٹ کرنے کے بعد آڈیو ڈائری کا آغاز

January 02, 2021

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)سال نو کے آغاز پر بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کی جانب سے اچانک انسٹاگرام اور ٹوئٹر سے تمام تر پوسٹس اور تصویریں ڈیلیٹ کر دیے جانے کے بعد ان کے مداحوں میں تشویش پائی جا رہی تھی تاہم اب دیپکا نے اپنے چاہنے والوں کی اس تشویش کو ختم کر دیا ہے۔ بولی وڈ اداکارہ دیپکا پڈوکون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر تمام پوسٹس ڈیلیٹ کرنے کے بعد آڈیو ڈائری کا آغاز کیا ہے۔اداکارہ کی جانب سے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کچھ ہی دیر قبل آڈیو ڈائری شیئر کی گئی ہے جسے اداکارہ کی جانب سے ’’میرے خیالات اور احساسات کا ریکارڈ‘‘ قرار دیا گیا ہے۔شیئر کی گئی آڈیو ڈائری میں دیپکا کا کہنا تھا کہ 2020 جب ہر ایک کے لیے ایک غیر یقینی صورتحال کا وقت تھا میرے لیے شکر گزاری کا وقت بھی تھا۔انھوں نے کہا کہ میں پرامید ہوں کہ 2021 ہر ایک کے لیے اچھی صحت اور ذہنی سکون لے کر آئے گا۔دپیکا کے انسٹاگرام پر 5کروڑ سے زائد فالوورز ہیں اور ان کی انسٹاگرام پر بے شمار پوسٹس موجود تھیں لیکن اب ان کی انسٹاگرام پروفائل پر ایک پوسٹ بھی نہیں ہے۔ قبل ازیں صارفین کی جانب سے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا تھااور کہا جا رہا ہے کہ ایسا کیا ہوا جو دپیکا نے اپنے ساری پوسٹس ہی ہٹا دیں۔کریشی نامی صارف نے کہا کہ دپیکا نے اپنی انسٹاگرام کی تمام تر پوسٹس ڈیلیٹ کر دی ہیں، امید کرتی ہوں کہ وہ خیریت سے ہوں گی۔ ایک اور صارف کہتی ہیں کہ کیا واقعی دپیکا نے انسٹاگرام پوسٹس اور تمام تر ٹوئٹس ڈیلیٹ کر دی ہیں؟