2021ء اور لگژری ریئل اسٹیٹ مارکیٹ

January 03, 2021

اہم ترین بات ابتدائیہ میں ہی بتا دیتے ہیں:ماہرین کے مطابق، وبا کے باوجود 2021ء میں بھی رہائش کے لیے پرتعیش (لگژری) ریئل اسٹیٹ کی طلب اور قیمتوں میں اضافہ جاری رہے گا۔ وبا کے باعث سنگل فیملی گھروں کی طلب میں بھی اضافہ ہوگا، جس کی وجہ سے ناصرف ان کی قیمتیں بلکہ کرائے بھی بڑھیں گے۔

اس رجحان کی وجوہات؟

عالمی وبا کووِڈ19-نے جہاں ہر شعبہ زندگی کو متاثر کیا ہے، وہاں ریئل اسٹیٹ کا شعبہ بھی اس سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکا۔ اس کے منفی اثرات تعمیراتی سرگرمیوں اور ریئل اسٹیٹ کی طلب میں کمی اور نتیجتاً قیمتوں میں کمی کی صورت سامنے آئے ہیں۔ وہیں، لگژری (پُرتعیش) ریئل اسٹیٹ مارکیٹ میں کچھ ایسی تبدیلیاں بھی دیکھنے میں آئی ہیں، جو ریئل اسٹیٹ کے اس سیگمنٹ کے لیے مثبت ثابت ہورہی ہیں۔

ان تبدیلیوں کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ بااثر اور امیر افراد اب پہلے سے زیادہ صحت مند زندگی کے طور طریقے اپنارہے ہیں اور اس میں ان کے گھر بھی شامل ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ ان کے گھر ایسے ہونے چاہئیں کہ وہ وبا کے دوران اور اس کے بعد کی دنیا کی ضروریات کا بھی خیال رکھ سکیں۔

گھر سے کام کا بڑھتا رجحان

وہ بااثر طبقہ جو وبا کے دنوں میں شہر ی زندگی سے دور اپنے دوسرے گھر میں منتقل ہوگیا تھا، غالب امکان یہی ہے کہ اس طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے اب دوبارہ تیزرفتار اور بعضاوقات افراتفری کا شکار شہری زندگی کی طرف لوٹ کر آنا مشکل ہوگا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اس طبقے سے تعلق رکھنے والے کئی افراد اپنے دوسرے گھر کو اپنا مستقل گھر بنالیں گے۔

یہ صورتِ حال آئندہ ایک سے دو سال تک جاری رہنے کی توقع ہےجب تک کہ مغرب اور دنیا کے دیگر حصوں میں وبا کی صورتِ حال مستقل طور پر قابو میں نہیں آجاتی۔ تاہم طویل مدت میں لوگ شہری زندگی سے زیادہ عرصہ تک دور نہیں رہ سکیں گے، لیکن وبا کے بعد کی دنیا میں لوگ اپنے شہری گھروں کو مختلف زاویہ سے دیکھیں گے۔

2021ء میں عالمی مارکیٹ سے توقعات

ماہرین کے مطابق، امریکا اور دیگر ترقی یافتہ منڈیوںمیں صارفین اپنی ترجیحات کو بدلتی ہوئی ضروریات کے مطابق ایسی ریئل اسٹیٹ پر زیادہ خرچ کریں گے جو انھیں اور ان کے خاندان کو تحفظ، صحت کی ضمانت اور پرائیویسی فراہم کرسکے۔ امیر طبقہ کے لیے 2021ء کا بڑا حصہ ایسی جگہ پر گزرے گا جہاں اسکول، سماجی میل ملاپ اور تفریح ایک ہی جگہ پر دستیاب ہوگی۔

ٹیکنالوجی کا استعمال

ریئل اسٹیٹ مالکان اور ریئل اسٹیٹ انڈسٹری کی جانب سے 2021ء میں بھی ٹیکنالوجی کا استعمال ناصرف جاری رہے گا بلکہ اس میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔ ٹیکنالوجی کا استعمال ریئل اسٹیٹ خریداروں کو اپنی طرف متوجہ کرنے اور سودے طے کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ وبا سے پہلے ممکنہ خریدار جس طرح ذاتی طور پر ہر جائیداد کو دیکھنے بلکہ کئی بار دیکھنے کو ترجیح دیتے تھے، وبا نے اس صورتِ حال کو یکسر بدل دیا ہے، اب وہ ورچوئل ٹور اور ای سیکیورٹی کو ترجیح دیں گے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ اگر ہم کوئی بھی چیز زیادہ تیزی سے کرنے، زیادہ ورزش کرنے یا کسی سے گفت و شنید کرنے کے لیے ٹیکنالوجی استعمال کرسکتے ہیں تو اپنے گھر کو محفوظ اور زیادہ مؤثربنانے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کیوں نہیں کرسکتے؟ اس سے مراد سمارٹ ہوم ٹیکنالوجی کا استعمال نہیں بلکہ ہماری مراد گھر کی بنیادی سیفٹی اور مینٹیننس کے عمل کو ٹیکنالوجی کی مدد سے بامعنی، سہل اور فعال بنانا ہے۔

بینکوں سے سرمایہ کی فراہمی

امریکا کے مرکزی بینک فیڈرل ریزرو اور دیگر کئی ممالک کے مرکزی بینکوں کی جانب سے وبا سے نمٹنے کے لیے ریکارڈ کم شرح کی ہاؤسنگ فنانس اور مارگیج اسکیمیں متعارف کروائی گئی ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ 2021ء میں معیشت میں ممکنہ بہتری کے باوجود، امریکا کے مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود کو کم ترین سطح پر برقرار رکھا جائے گا، جس سے لگژری ریئل اسٹیٹ کی طلب میں اضافے کا رجحان برقرار رہ سکتا ہے۔

اس وقت امریکا میں مارگیج کی شرح 50سال کی کم ترین سطح پر ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ عالمی معیشت میں 2021ء کے اواخر یا 2022ء کے اوائل تک بھرپور بحالی دیکھی جاسکتی ہے۔

سنگل فیملی ہومز کی طلب میں اضافہ

کووِڈ19-وبا نے لوگوں کو الگ تھلگ زندگی گزارنے پر مجبور کردیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہو اکہ وبا کے دوران اور وبا کے بعد کی دنیا میں سنگل فیملی گھروں کی طلب میں اضافہ دیکھا جائے گا اور 2021ء میں یہ طلب اپنی انتہائی بلند مقام تک جاسکتی ہے۔2021ء میں سنگل فیملی گھروں کے کرایوں میں بھی قابلِ ذکر اضافہ متوقع ہے۔