جموں و کشمیر کے لوگوں کو بلاتاخیر حق خودارادیت دلوایا جائے، علی رضا سید

January 05, 2021

کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو بلا تاخیر حق خودارادیت دلوایا جائے جس کا ان سے سات دہائیاں قبل وعدہ کیا گیا تھا۔

انہوں نے پانچ جنوری ’یومِ حق خودارادیت‘ پر اپنے ایک بیان میں اس بات کا اعادہ کیا کہ ہم جموں و کشمیر کے لوگوں کے حق خودرادیت کی حمایت میں اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ 5 جنوری ہر سال یومِ حق خودرادیت کے عنوان سے منایا جاتا ہے۔ پانچ جنوری 1949 کو اقوام متحدہ کے کمیشن برائے پاک و ہند نے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں جموں و کشمیر میں آزادانہ اور شفاف رائے شماری کروانے کے لیے کہا گیا تھا تاکہ کشمیری عوام اپنا حق خودارادیت استعمال کرکے اپنے سیاسی مستقبل کا خود فیصلہ کرسکیں۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے کہا کہ آج اس قرارداد کے 72 سال بعد ہم عالمی برادری کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ وہ حق خودرادیت سے متعلق اپنی ذمہ داری پوری کرے اور کشمیریوں کو حق خودرادیت دلوایا جائے۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے مزید کہا کہ بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آج بھی لوگ ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں، ہمیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے مسائل کو اُجاگر کرنا ہوگا۔

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی گھمبیر صورتحال کا فوری نوٹس لے۔ وادی کی صورتحال روز بروز خراب ہوتی جارہی ہے اور قابض حکام انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے مرتکب ہورہے ہیں، خاص طور پر پانچ اگست 2019 سے اب تک جب سے بھارتی حکومت نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اس خطے کو غیرقانونی طور پر بھارت میں شامل کردیا ہے، کشمیریوں پر بھارتی مظالم میں اضافہ ہوا ہے۔

علی رضا سید نے کہا کہ بڑا افسوس ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بڑی شدت سے جاری ہیں لیکن بھارت کو کوئی روکنے والا نہیں۔ مقبوضہ وادی میں قتل عام، جنسی تجاوز، جبری گم شدگی، تشدد، لوگوں پر فورسز کی فائرنگ، اظہار رائے پر قدغن اور پرامن احتجاج پر پابندی روزانہ کا معمول بن چکا ہے اور اب تو پچھلے ڈیڑھ سال سے بھارتی حکام ملٹری لاک ڈاؤن اور پچھلے سال سے کورونا وائرس کے بہانے لوگوں پر ظلم و ستم کررہے ہیں۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہم عالمی برادری خصوصاً یورپین یونین کو مقبوضہ کشمیرکی صورتحال سے آگاہ کرتے رہیں گے۔ ہمارا فرض ہے کہ دنیاکے سامنے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کریں۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں پر ظلم و ستم بند کروائے اور بھارت پر دباؤ ڈالے تاکہ کشمیری حق خودرادیت استعمال کرکے اپنے مستقبل کا آزاد ماحول میں فیصلہ کرسکیں۔