پارلیمنٹ حملے میں ہلاک خاتون ایئر فورس اہلکار تھی

January 07, 2021

امریکی پارلیمنٹ پر ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے کی گئی ہنگامہ آرائی کے دوران ہلاک ہونے والی خاتون کی شناخت ہوگئی۔

خاتون ایشلی بیبٹ کے سابق شوہر نے سوشل میڈیا پر بیان دیا ہے کہ اس کی سابقہ بیوی کیلیفورنیا کی رہائشی اور امریکی ایئر فورس کی اہلکار تھی۔

سابق شوہر کے مطابق اس کی سابقہ اہلیہ ملازمت کے دوران افغانستان، عراق، کویت اور قطر میں تعینات رہ چکی ہے۔

واضح رہے کہ واشنگٹن پولیس چیف رابرٹ کانٹی کاکہنا ہے کہ امریکی پارلیمنٹ کیپیٹل ہل پر ہنگامہ آرائی کرنے والے 52 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن پر کرفیو کی خلاف ورزی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزامات ہیں۔

پولیس چیف نے کہا کہ ریپبلکن، ڈیموکریٹ کمیٹیوں کے ہیڈ کوارٹر سے دو پائپ بم بھی برآمد ہوئے ہیں۔