واشنگٹن پولیس چیف رابرٹ کانٹی کا کہنا ہے کہ کیپیٹل ہل پر ہنگامہ آرائی کے دوران خاتون سمیت 4 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
پولیس چیف کے مطابق امریکی پارلیمنٹ کیپیٹل ہل پر ہنگامہ آرائی کرنے والے 52 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن پر کرفیو کی خلاف ورزی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزامات ہیں۔
پولیس چیف نے کہا کہ ریپبلکن، ڈیموکریٹ کمیٹیوں کے ہیڈ کوارٹر سے دو پائپ بم بھی برآمد ہوئے ہیں۔
دوسری جانب واشنگٹن کی میئر موریل باؤزر نے نو منتخب صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری تک امن و امان برقرار رکھنے کیلئے 21 جنوری تک ایمرجنسی نافذ کی ہے۔
واضح رہے کہ امریکا کے نو منتخب صدر جو بائیڈن کی انتخابات میں جیت کی توثیق کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی بے قابو ہوگئے اور امریکی پارلیمنٹ کی عمارت کیپیٹل پردھاوا بول دیا۔
مظاہرین لاٹھی، ڈنڈے اور جھنڈے لیے عمارت میں گھس گئے، توڑ پھوڑ کی اور پولیس سے جھڑپوں میں کئی اہلکار زخمی ہوئے جس کے بعد پولیس کو شیلنگ کرنا پڑی ، ارکان کانگریس عمارت میں محصور ہوگئے، کرسیوں کے پیچھے چھپ کر جانیں بچائیں۔
امریکی پارلیمنٹ عمارت پر صدر ٹرمپ کے حامیوٕں کی ہنگامہ آرائی کے بعد واشنگٹن ڈی سی میں کرفیو نافذ کر دیا گیا، کرفیو پورے شہر پر لاگو ہو گا۔