مریم نواز، بلاول بھٹو اور مولانا عبدالغفور حیدری کی لواحقین سے ملاقات، تعزیت

January 08, 2021

مریم، بلاول اور مولانا عبدالغفور کی لواحقین سے ملاقات، تعزیت

کوئٹہ(ایجنسیاں)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز‘پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اورجمعیت علما اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کوئٹہ میں مغربی بائی پاس پر سانحہ مچ کے لواحقین کے دھرنے میں پہنچے اور شہداء کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیاجبکہ وزیراعظم عمران خان کے کوئٹہ نہ پہنچنے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کاکہناتھاکہ پاکستان ایسا ملک ہے جہاں شہیدوں کو بھی احتجاج کرنا پڑرہاہے جبکہ مریم نوازنے کہاکہ ہمیں اقتدار کی کرسی پر بیٹھے شخص کی بے حسی پر افسوس ہے‘اگر عمران خان کوئٹہ نہیں آسکتے تو پھر عوام انہیں اسلام آباد میں کرسی پر بھی بیٹھنے نہیں دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو کو ئٹہ میں ہزارہ برادری کے دھر نے کے شرکا ءسے خطاب کرتے ہوئے مریم نوازنے کہاکہ ارباب اختیار اور اقتدار کی کرسی پربیٹھے شخص کی بے حسی پر افسوس ہے ‘ عمران خان اپنی انا کی وجہ سے یہاں نہیں آرہے ،اگرعمران خان کوئٹہ نہیں آتا تو قوم اسے اسلام آباد میں کرسی پر بیٹھنے کی اجازت نہیں دیگی۔

انہوں نے کہاکہ پانچ دن سے دیکھ رہی ہوں کہ ہزارہ برادری شدید سردی میں اپنے پیاروں کی میتیں رکھ کر کسی بے حس کو پکار رہی ہے‘میں تمام سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے عمران خان سے کہتی ہوں کہ خدارا یہاں آؤ۔

عمران خان کہتے ہیں کہ لاشوں پرسیاست ہورہی ہے آپ یہ کہہ کر اپنی بے حسی اور ناکامی کو نہیں چھپاسکتے انہیں یہاں آنا پڑے گااور لوگوں کے سرپر ہاتھ رکھنا پڑے گا۔

کیا انا اتنی بڑی ہوگئی ہے کہ وہ یہاں نہیں آسکتے‘وزیراعظم تنقید سے ڈررہے ہیںاگر وہ یہاں آئے اور انہیں تھوڑی سی تنقید سننی پڑے تو سن لیں‘ انکا فرض ہے کہ عوا م کا دکھ دردبانٹیں ۔