نواز شریف لوٹی ہوئی رقم واپس کر کے سیاست چھوڑ دیں: جلیل شرقپوری

January 12, 2021

مسلم لیگ نون کے ناراض رکنِ پنجاب اسمبلی میاں جلیل شرقپوری کہتے ہیں کہ نواز شریف لوٹی ہوئی رقم واپس کر کے سیاست چھوڑ دیں۔

شرقپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے ناراض رکنِ پنجاب اسمبلی میاں جلیل شرقپوری کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی لندن میں اربوں روپے کی پراپرٹی کو میں بھی جانتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف پاکستان کو مستقل چھوڑ کر لندن رہیں، ان کے علاوہ دیگر سینئر مسلم لیگی رہنماؤں کو آگے آنا چاہیئے۔

جلیل شرقپوری کا کہنا ہے کہ رانا تنویر حسین مسلم لیگ نون کے صدر کیوں نہیں بن سکتے؟

ناراض مسلم لیگی رہنما نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ مولانا فضل الرحمٰن کو امریکا بلوا کر ان کی خدمات حاصل کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن اداروں کے خلاف چلنے کا تجربہ رکھتے ہیں، لندن براڈ شیٹ کیس کو ری اوپن کیا جائے۔

ناراض نون لیگی رکنِ پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری کا یہ بھی کہنا ہے کہ نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دینے والے اب انہیں واپس لائیں۔