بجلی بریک ڈاؤن کی اصل وجوہات سامنے آگئیں

January 12, 2021

اتوار 9 جنوری کی رات بجلی کا ملک گیر بریک ڈاؤن کیوں ہوا؟ جیو نیوز نے اصل وجوہات کا پتا لگالیا۔

ملک بھر میں بجلی کا بریک ڈاؤن گڈو پاور پلانٹ کا سرکٹ بریکر غلط طریقے سے بند کرنے سے ہوا۔

ذرائع کے مطابق گڈو پاور پلانٹ کا سرکٹ بریکر غلط طریقے سے بند کیے جانے سے پورا پاور سسٹم بیٹھ گیا۔

گڈو پاور پلانٹ کے سوئچ یارڈ میں لگے ایک بریکر کی مینٹی ننس جاری تھی، اس دوران سرکٹ بریکر کی ارتھنگ کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق دن کو کام کرنے والا عملہ سرکٹ بریکر کو بند کیے بغیر چلاگیا جبکہ رات کی شفٹ میں عملے نے سرکٹ بریکر کی ارتھنگ ختم کیے بغیر اُسے بند کیا۔

سوئچ یارڈ میں لگے سرکٹ بریکر کو براہ راست کنٹرول روم سے بند کیا گیا، ارتھنگ ہٹائے بغیر سرکٹ بریکر کو بند کرنے سے گڈو پاور پلانٹ بیٹھ گیا۔

ذرائع کے مطابق گڈو پاور پلانٹ بند ہونے سے پلانٹ سے نکلنے والی ٹرانسمیشن لائنیں بھی ٹرپ کرگئیں۔

گڈو پاور پلانٹ کے بریکر کی مینٹی ننس بھی بغیر منظوری کی جارہی تھیں جبکہ پاور پلانٹ کے بریکر کی مرمت کے لیے نیشنل پاور کنٹرول سینٹر (این پی سی سی) کی منظوری ضروری تھی۔

ذرائع کے مطابق اس معاملے میں غفلت برتنے پر گڈو پاور پلانٹ کے 7 ملازمین کو معطل کیا گیا ہے۔

آج کابینہ اجلاس میں وزیر توانائی عمر ایوب نے بجلی بریک ڈاؤن پر ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ملک گیر بجلی بریک ڈاؤن انسانی غلطی کی وجہ سے رونما ہوا تھا۔