• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضل الرحمٰن کو بیرونی جاسوس ادارے سے کس چیز کی فنڈنگ ہوئی، مراد سعید کا سوال


وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے استفسار کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کو بیرونی جاسوس ادارے سے کس چیز کی فنڈنگ ہوئی؟

سینیٹ اجلاس سے خطاب میں مراد سعید نے کہا کہ مولانا کہہ رہے ہیں کہ ہم راولپنڈی جاکر دھرنا دیں گے، بھئی کیوں؟، اس لیے کہ آپ کی کرپشن کی چیزیں سامنے آگئی ہیں؟

انہوں نے کہا کہ یہ قومی اسمبلی میں ان کیمرا اجلاس میں این آر او مانگتے ہیں، یہ اشتہاری ہیں، ان کے بیٹے بھی اشتہاری ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یہ کہتے ہیں ہم نے موٹروے بنایا، یہ نہیں بتاتے کہ پہلے موٹروے پر انہوں نے ملین آف پاؤنڈز کی کرپشن کا کک بیک لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ چند چہرے سامنے عیاں ہوگئے ہیں کہ کس کی حکومت میں اسرائیل وفود بھیجے گئے۔


مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم، وزیر دفاع اور وزیر خارجہ کی کرسی پر بیٹھنے والوں نے اقامہ کو منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا۔

انہوں نے کہاکہ براڈ شیٹ نے ان کے بارے میں کہا کہ نواز شریف نے رشوت کی پیشکش کی، برطانوی ادارے نے کہا کہ ہم منجمد پیسے عمران خان کو دینا چاہیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہ یہ بھی کہا کہ آپ کو گاڈ فادر یاد ہوگا، کیلبری فونٹ کی جعلسازی پکڑی گئی تھی، ان کی لندن میں تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حلال کی کمائی تھی اس لیے رسیدیں نکل آئیں، ایوب خان کے بعد پاکستان میں ڈیم نہیں بنے، چار دہائیوں کےبعد میں ڈیم بننے جارہے ہیں۔

مراد سعید نے کہا کہ 6 ہزار 145 کلو میٹر سڑکوں کا ہم نے ڈھائی سال میں آغاز کردیا ہے، قومی ڈائیلاگ کی باتیں کی جاتی ہیں، چوروں سے مذاکرات نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی بلوچستان کو محرومی کی طرف دھکیلنے والے آپ ہیں، عمران خان نے تو اُس علاقے کے لیے 600 ارب کا پیکیج دیا ہے۔

وفاقی وزیر نے پیپلز پارٹی کی ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ پی پی کے دور حکومت میں 150 آرڈیننس پاس کروائے گئے، جب آپ سے سوال ہوتا ہے تو کوئی سندھ، کوئی بلوچ اور کوئی پنجاب کارڈ لے آتا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ بنڈل آئی لینڈ کی آپ نے پہلے این او سی کیوں دی؟ این او سی دینے کے بعد آپ نے باہر آکر مخالفت کی، کیا آپ بنڈل آئی لینڈ سے بھی کمیشن تو نہیں ڈھونڈ رہے؟

مراد سعید نے کہاکہ حکومت کو اس کی تحقیقات کرنی ہوگی کہ بنڈل جزیرہ کے پاس نیوی کا بیس کیمپ ہے وہ کرایہ پورٹ قاسم کو دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سنتے تھے کہ بیماری پر سیاست نہ کریں لیکن اب وہاں سیاست بھی ہورہی ہے اور پاکستان کے خلاف ساز ش بھی ہورہی ہے۔

تازہ ترین