قائم علی شاہ کی عبوری ضمانت میں توسیع

January 13, 2021

سندھ ہائی کورٹ نے کندھ کوٹ میں زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی انکوائری کے کیس میں سابق وزیرِ اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔

سابق وزیرِ اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے خلاف کندھ کوٹ میں زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی انکوائری کے کیس میں درخواستِ ضمانت پر سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔

سابق وزیرِ اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ عدالتِ عالیہ میں پیش ہوئے۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے خلاف احتساب عدالت سکھر میں عبوری ریفرنس دائر کر دیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ عبوری ریفرنس میں قائم علی شاہ کا نام شامل نہیں ہے، قائم علی شاہ کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کیا جائے گا۔

عدالت نے قائم علی شاہ کی عبوری ضمانت میں 25 فروری تک توسیع کر دی۔

نیب کے مطابق سابق وزیرِ اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے خلاف کندھ کوٹ میں زمین کی غیرقانونی الاٹمنٹ کی انکوائری جاری ہے۔