پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہونگے، ڈاکٹر خالد عراقی

January 15, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا ہےکہ پانی انسانی زندگی میں بہت اہمیت کا حامل ہے،معاشرے میں پانی کا ضیاع عام ہے جسے روکنے کی ضرورت ہے۔ایک تحقیق کے مطابق آئندہ دس سالوں میں پاکستان میں پانی کی شدید قلت ہوسکتی ہے۔ پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی سے نہ صرف صحت بلکہ مالی اور معاشرتی مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں۔ پانی کی مینجمنٹ کا نظام ہو نا نہایت ضروری ہے ہمیں چیک اینڈ بیلنس کا نظام بنا نا ہو گا اور پانی کے ضیاع کو روکنے کے لئے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیکلٹی فارمیسی جامعہ کراچی میں احسان ڈیولپمنٹ ویلفیئرآرگنائزیشن کی جانب سے نصب کئے گئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا-واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح شیخ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کیا۔اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹر فیاض وید،پروفیسر ڈاکٹر اقبال اظہر،مشیر امورطلبہ جامعہ کراچی ڈاکٹر سید عاصم علی،چیئر مین شعبہ کمپیوٹر سائنس ڈاکٹر ندیم محمود اور دیگر فیکلٹی ممبران موجودتھے۔