بھارتی ریاست آسام کے ضلع گول گھاٹ کے علاقے نو مالی گڑھ سے ایک انتہائی دلچسپ اور انوکھا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک جنگلی ہاتھی اچانک فٹ بال گراؤنڈ میں آ پہنچا اور اپنی فٹ بال ڈرلز سے سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق نو مالی گڑھ کے ایک مقامی گراؤنڈ میں نوجوان فٹ بال کھیل رہے تھے کہ اچانک قریبی جنگل سے نکل کر ایک ہاتھی میدان میں آگیا۔
کھلاڑیوں کے خوفزدہ ہونے کے بجائے حیرت کا اس وقت کوئی ٹھکانا نہ رہا جب ہاتھی نے گیند پر اپنا پاؤں رکھا اور اسے سنبھالتے ہوئے آگے بڑھانے لگا۔ ہاتھی نے اپنی سونڈ اور پاؤں کے ذریعے فٹ بال کو بالکل ایک تجربے کار کھلاڑی کی طرح کنٹرول کیا۔
گراؤنڈ میں موجود لڑکوں نے اس منظر سے خوفزدہ ہونے کی بجائے ہاتھی کے انوکھے شو سے لطف اٹھایا اور دور کھڑے ہو کر اس کی ویڈیو ریکارڈ کی جس نے وائرل ہو کر صارفین کے دل جیت لیے ہیں۔
کچھ دیر تک گیند سے کھیلنے کے بعد ہاتھی بنا کسی کو نقصان پہنچائے سکون سے واپس جنگل کی طرف چلا گیا۔