قومی اسمبلی کی خارجہ امور کمیٹی کا براڈ شیٹ ادائیگی پر طلب اہم اجلاس ملتوی

January 15, 2021

برطانیہ کی نجی فرم براڈ شیٹ کو رقم کی ادائیگی پر طلب کیا گیا قومی اسمبلی کی خارجہ امور کمیٹی کا اجلاس ملتوی کردی گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کی خارجہ امور کمیٹی کا اجلاس 18 جنوری کو شیڈول تھا، جو اب ملتوی کردیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی کی خارجہ امور کمیٹی نے ایک روز قبل برطانونی نجی فرم براڈ شیٹ کو 450 کروڑ روپے کی ادائیگی کا نوٹس لیا تھا۔


خارجہ امور کمیٹی نے اپنے اجلاس میں چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس (ر) جاوید اقبال کو نوٹس بھیج کر طلب کیا تھا۔

کمیٹی کے ایجنڈے میں نظام آف حیدرآباد کیس میں پاکستان کے 35 ملین پاؤنڈ کا مسترد شدہ دعویٰ بھی شامل تھا۔

قومی اسمبلی کی کمیٹی نے سیکریٹری خارجہ کو ان معاملات میں پالیسی امور پر تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

کمیٹی کے اجلاس میں سیکریٹری قانون اور انصاف کو بھی ایجنڈے میں شامل امور پر قانونی بریفننگ کے لیے بلایا گیا تھا۔