یونان کی کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بنانے کی تجویز

January 16, 2021

ایتھنز(مرزارفاقت حسین)یونانی وزیر اعظم کریا کوس میچوتاکیس نے یورپی یونین کی صدر کو کوڈ 19 ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بنانے کی تجویز دی ہےجس سے وبائی امراض سے متاثرہ محفوظ سفر کی بحالی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ٹیکے لگانے کو لازمی یا سفر کے لئے کوئی لازمی شرط نہیں بنارہے ہیں مگر جن افراد کو ٹیکے لگائے گئے ہیں ان کو سفر کرنے کے لئے آزاد ہونا چاہئے۔ میچوتاکیس نے مزید کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ایک مشترکہ فہم کو اپنایا جائے کہ کس طرح ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کا نظام تشکیل دیا جانا چاہئے تاکہ تمام ممبر ممالک میں قابل قبول ہو سکے۔ یونانی وزیر اعظم 21 جنوری کو یورپی یونین کے اجلاس میں اس مسئلے کو سامنے لانے کی امید کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کا عمل سادہ ہوسکتا ہے۔ ایک عام مسافر کے لئے لوکیٹر فارم تیار کرنے کے بارے میں ہمیں جو طویل تجربہ ہوا ہے اس سے ہمیں یہ معلوم ہوا ہے کہ معاملات کو آگے بڑھانے کے لئے یورپی یونین کے ایک اعلی سطح کے متحرک ہونے کی اشد ضرورت ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اگر یورپی یونین کی ریاستیں مشترکہ فارمولے پر متفق ہوسکتی ہیں تو ہم اس مسئلے کو متعلقہ بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھا سکتے ہیں ، اس طرح عالمی سطح پر نقل و حرکت کو دوبارہ بحال کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔