جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم کی 14 سال بعد پاکستان آمد: ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ

January 16, 2021

جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم کی 14 سال بعد پاکستان آمد پر ٹوئٹر صارفین کی جانب سے اُنہیں خوش آمدید کہا جارہا ہے۔

جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم 14 بعد پاکستانی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے کراچی پہنچ گئی ہے اور اس ضمن میں پاکستانی صارفین انوکھے انداز میں جنوبی افریقا کی ٹیم کو خوش آمدید کہہ رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستانیوں کی جانب ہیش ٹیگ WelcomeToPakistan بنایا گیا جو اس وقت ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز کی فہرست میں پہلے نمبر پر موجود ہے۔

شائقین کرکٹ اس ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم کی 14 سال بعد پاکستان آمد پر اپنے جذبات کا اظہار کررہے ہیں۔

نادر سلطان نامی صارف نے کراچی آمد پر جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’خوش آمدید جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم،پاکستانی میدانوں پر اب ایک بڑی ٹیم بھی ایکشن میں دکھائی دے گی۔‘

صارف نے لکھا کہ ’امید ہے مقابلے سے بھرپور میچز دیکھنے کا موقع ملے گا۔‘

عثمان نامی صارف نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’الحمداللّہ! پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوگئی ہے۔‘

شازیہ نامی صارف نے لکھا کہ ’14 سال بعد انتظار ختم ہوا، یہ واقعی میں حیرت انگیز اور جذباتی لمحہ ہے۔‘

محمد آزاد نامی صارف نے جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم کو خوش آمدید کرتے ہوئے پاکستان آنے پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔

مزمل علی عباسی نامی صارف نے کہا کہ ’وہ اس قدر خوش ہیں کہ میچز دیکھنے کا انتظار نہیں کرسکتے ہیں۔‘

واضح رہے کہ جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم 2007 ء کے بعد پہلی بار پاکستان پہنچی ہے، ٹیم کی قیادت کوئنٹن ڈی کوک کررہے ہیں جبکہ ٹیم پاکستان میں دوٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

جنوبی افریقی کرکٹرز اور آفیشلز چارٹرڈ طیارے سے پاکستان پہنچے ہیں، پہلے ٹیسٹ سے قبل دونوں ٹیموں کی ایک بار پھر کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ ہوگی۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کا پہلا ٹیسٹ 26 جنوری سے کراچی میں ہوگا۔