ہراسگی کی زیادہ شکایات شعبۂ تعلیم و صحت سے ملیں: صوبائی محتسب بلوچستان

January 17, 2021

صوبائی خاتون محتسب بلوچستان صابرہ اسلام کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں خواتین کی ہراسگی سے متعلق زیادہ شکایات تعلیم اور صحت کے شعبوں سے ملیں۔

کوئٹہ سے جاری کیئے گئے ایک بیان میں صوبائی خاتون محتسب بلوچستان صابرہ اسلام نے کہا ہے کہ صوبے میں جائے ملازمت پر خواتین کے تحفظ کا ادارہ بھرپور کام کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 2 سال میں سرکاری و نجی دفاتر سے خواتین کو ہراساں کیئے جانے کی 26 شکایات ملیں، جن میں سے 18 شکایات کا فیصلہ کیا جا چکا ہے۔

صابرہ اسلام کا کہنا ہے کہ ہراسگی سے متعلق کیسز میں ملزمان کو مختلف نوعیت کے جرمانے اور سزائیں دی گئیں۔

صوبائی محتسب نے بتایا کہ بلوچستان کے ہر ضلع میں ہراسگی کے خلاف شکایات سیل قائم کر دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ خواتین کی ہراسگی کے خلاف ہماری زیرو ٹالرینس کی پالیسی ہے، خواتین میں ہراسگی کے خلاف اعتماد اور آگہی بڑھ رہی ہے۔

صوبائی خاتون محتسب صابرہ اسلام کا یہ بھی کہنا ہے کہ دفاتر میں خواتین سے غیر اخلاقی رویہ، زبردستی تعلق، مراعات کو ذاتی تعلق کہنا ہراسگی ہے۔