سندھ حکومت کراچی کو بھی صوبے کا حصہ سمجھے: حافظ نعیم الرحمٰن

January 19, 2021

جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ حکومت کراچی کو بھی صوبے کا حصہ سمجھے۔

’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کراچی میں جگہ جگہ ہزاروں ٹن کچرا پڑا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو کچرا کنڈی میں تبدیل کر دیا گیا ہے، اگر کرپشن اور لوٹ مار ختم ہو جائے تو کچرا اٹھ جائے گا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم نے وزارت پر کراچی کا سودا کیا ہے، پہلے ڈی ایم سیز کی ذمے داری تھی مگر اب صوبائی حکومت کچرا اٹھانے کی ذمے دار ہے۔

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی کا یہ بھی کہنا ہے کہ کرپشن ختم کر دی جائے تو کراچی کے معاملات درست ہو سکتے ہیں، 2 ماہ میں کراچی کے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ مردم شماری دوبارہ کرانے، کوٹہ سسٹم کے خاتمے، با اختیار شہری حکومت، فوری بلدیاتی انتخابات اور شہر کے گمبھیر مسائل کے حل کے لیے جماعتِ اسلامی کی جانب سے ’حقوقِ کراچی تحریک‘ کے سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں میں دھرنے دیئے جا رہے ہیں۔