موسمِ سرما میں چھوٹے بچوں کی حفاظت

January 22, 2021

عائزہ احمد

بچے بھلا کسے اچھے نہیں لگتے،گھر کی رونق انہیں کے دم سے ہوتی ہے۔ان کی زندگی کا ابتدائی زمانہ والدین کے لیے کس قدر دلچسپ ہوتا ہے۔بچے کی ہر ادا ،حرکت اور شرارت ان کے دل کو بھاتی ہے ۔ویسے تو ہر موسم میں بچوں کی دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے ،کیوں کہ موسم کی تبدیلی بچوں پر جلدی اثر انداز ہوتی ہے ۔ تاہم سردیوں کا موسم بچوں کی صحت پر دیگر موسموں کے مقابلے میں زیادہ اثر انداز ہوتا ہے۔

سردیوں میں نزلہ،زکام،کھانسی اور بخار جلد ہی ان پر حملہ آور ہو جاتے ہیں۔سردیوں میں ناک بند ہونا،الرجی،خارش اور نمونیا جیسے امراض میں شدت آجاتی ہے۔زیادہ ٹھنڈک کی وجہ سے ناک،کان، حلق،ٹانگوں اور پسلیوں کی تکلیف میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔چھوٹے بچے سرد موسم کی سختی کو برداشت نہیں کرپاتے،لہٰذا والدین کو چاہیے کہ وہ موسم سرمامیں بچوں کی دیکھ بھال عام دنوں کے مقابلے میں تھوڑی زیادہ کریں ۔

ٹھنڈ لگنے کی وجہ سے نمونیا ہو سکتا ہے ۔چھوٹے بچوں کے پائوں ،سر اور سینے کو خاص طور پر گرم کپڑے سے ڈھانپ کر رکھیں اور ٹھنڈی چیزوں کااستعمال بالکل نہ کریں ۔موسم سرما میں بچوں کے لیے شہد کا استعمال بہت مفید ہے ۔اُبلے ہوئے انڈے کی زردی بھی فائدہ مند ہے ۔کوشش کریں کہ بچوں کے ساتھ سردی سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر کرتی رہیں ،تا کہ ان کو اینٹی بایوٹیک دینے کی ضرورت ہی نہ پڑے ۔زیادہ اینٹی بائیوٹک دوائیں بچوں کی قوت مدافعت کو مزید کمزور کر دیتی ہیں،جس سے بیماریوں کے خطرات مزید بڑھ جاتے ہیں۔

بچوں کو سوتے وقت شہد دینا انہیں بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے جب کہ سردیوں میں کھجوروں کا استعمال سردی کے اثرات کو کم کرنے میں مفید ہے۔یوں تو ہر موسم میں ہی بچوں کی مالش پابندی سے کرنی چاہیے،لیکن موسم سرما میں بچوں کی جلد کو اضافی توجہ اور دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے۔ نیم گرم پانی سے غسل کے بعد سرسوں کے تیل سے بچوں کی مالش کریں،یہ مالش ان کی جلد کو قوت بخشتی ہے۔پانچ سال کی عمر تک باقاعدگی سے سردیوں میں بچوں کی مالش کرنی چاہیے۔

سرد ہواؤں اور جاڑوں میں فقط تھوڑی سی احتیاطی تدابیر کے ذریعے ماں بچے کو بیمار ہونے سے بچا سکتی ہے۔ذیل میں اسی حوالے سے کچھ کارآمد ٹپس بتائی جا رہی ہیں۔ جنہیں اپنا کر مائیں بچوں کو سردی سے محفوظ اور صحت مند رکھ سکتی ہیں۔بچے کو روزانہ صاف ستھرا کریں۔سردیوں میں ان کو نیم گرم پانی سے نہلائیں۔

اس سے قبل کسی معیاری بے بی آئل سے بچے کے جسم کا اچھی طرح مساج کریں۔غسل کے بعد بچے کو کچھ دیر کے لئے دھوپ میں بٹھائیں۔وقفے وقفے سے نیم گرم پانی دیتی رہیں،تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔ٹھنڈ سے بچانے کے لئے بچے کو تھوڑی مقدار میں شہد دیں۔ہر وقت ہیٹر آن نہ رکھیں۔اس سے بچے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

سردیاں اور جلد کی حفاظت

سرد موسم میں جلد کی حفاظت کے لئے بچے کی زیادہ دیکھ بھال کرنی پڑتی ہے۔سردی میںجلد خشک ہوجاتی ہے ،جس کی وجہ سے جلد میںخارش ہونے لگتی ہے ،اسی وجہ سے جلد میں نمی کم ہوجاتی ہے ۔

غسل اور موئسچرائزنگ

بچے کو غسل دینے کے بعد فوراً باہر لے کر نہیں جائیں۔اس کے بعد بچے کے پورے جسم پر موئسچرائزر کا استعمال کریں،تاکہ بچے کے جسم میں نمی کی کمی نہ ہو۔سر سے پاؤں تک لوشن کا استعمال کریں۔

بچے کے ملبوسات

سرد موسم میں بچے کو گرم ملبوسات پہنانا چاہیے،مگر یہ اس قدر گرم نہ ہوں کہ پسینہ آنے لگے۔بچوں کی جلد کی مناسبت سے نرم اورگرم ملبوسات صحیح رہتے ہیں،کیوںکہ سرد موسم میں بچے کی جلد اور بھی نرم ہو جاتی ہے۔