ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026ء میں کوالیفائی کرنے والی ٹیم اٹلی کے اوپننگ بیٹر زین نقوی نے کہا ہے کہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ ایک دن اٹلی کی قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کروں گا۔
جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بارہ تیرہ سال کا تھا جب فیملی کے ساتھ اٹلی شفٹ ہوا، ٹیپ بال کرکٹ اچھی کھیلتا تھا، بعد میں ہارڈ بال کرکٹ کھیلنا شروع کی۔
زین نقوی کا کہنا ہے کہ 2 سال اٹلی کی ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی پرفارمنس دکھائی اور اٹلی کی قومی کرکٹ ٹیم میں 2021ء میں منتخب ہوا، اٹلی آیا تو تعلیم پر فوکس تھا لیکن کرکٹ ہمیشہ سے پسندیدہ کھیل تھا۔
انہوں نے کہا کہ اٹلی میں کرکٹ گراؤنڈز کی کمی ہے، صرف چند کلبز کے پاس گراؤنڈز ہیں، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کے بعد اُمید ہے آئی سی سی اٹلی میں گراؤنڈز بنانے میں مدد کرے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ 2023ء ورلڈ کپ میں آئرلینڈ سے شکست کھا لی تھی، ورنہ اٹلی ورلڈ کپ میں کوالیفائی کر لیتی، 2023ء میں ہمیں معلوم ہو گیا تھا کہ ہم ورلڈ کپ میں کوالیفائی کر سکتے ہیں۔
اٹلی کے کھلاڑی نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کوالیفائرز میں مکمل تیاری کے ساتھ آئے تھے، گزشتہ 2 سال سے اٹلی میں لوگ کرکٹرز کو پہچاننا شروع ہو گئے ہیں، اٹلی میں کرکٹ کافی فروغ پانا شروع ہو گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی کی طرف سے کم میچز ملتے ہیں، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کوالیفائی کرنے کے بعد اُمید ہے زیادہ میچز ملیں گے، میں جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتا ہوں، انگلینڈ کے سابق کپتان جوس بٹلر پسند ہیں۔
زین نقوی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ذاتی خواہش ہے کہ بھارت اور پاکستان کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کھیلنے کا موقع ملے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026ء بھارت میں ہے، ممبئی میں کھیلنے کی خواہش ہے، مستقبل میں پی ایس ایل اور آئی پی ایل کھیلنا چاہتا ہوں۔