• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریحام خان کی سیاست میں انٹری، نئی سیاسی جماعت کا نام کیا؟

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

سابق وزیر اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور صحافی ریحام خان نے سیاست کی دنیا میں قدم رکھتے ہوئے نئی سیاسی جماعت پاکستان ریپبلک پارٹی (پی آر پی) کے قیام کا اعلان کر دیا۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت کا نام، منشور اور لوگو عوام کو بتایا، اس موقع پر ریحام خان نے کہا کہ ان کی سیاست کا مقصد عوامی مسائل کو اُجاگر کرنا اور قومی اسمبلی سمیت تمام قانون ساز اداروں میں حقیقی عوامی نمائندگی کو یقینی بنانا ہے۔

ریحام خان نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہر، ہر گاؤں میرا حلقۂ انتخاب ہے، ہم صرف ایک سیاسی جماعت نہیں، ایک قومی مشن ہیں جو امید، وقار اور عوامی نمائندگی کو بحال کرنے نکلے ہیں۔

انہوں نے خواتین، کسانوں اور عام شہریوں کے لیے قانونی اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایسی پالیسیاں درکار ہیں جو عوام کی اصل مشکلات کی ترجمانی کریں۔

پریس کانفرنس کے دوران ریحام خان نے حالیہ تاجر برادری کی شٹر ڈاؤن ہڑتال کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت پر تنقید کی اور سوال کیا کہ وزیر خزانہ صرف ہڑتال کے بعد کیوں بات کرتے ہیں؟ پہلے سے مشاورت کیوں نہیں کی جاتی؟

پریس کانفرنس کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پیغام میں انہوں نے لکھا کہ یہ سب آپ کےلیے ہے، ہمارے ورکنگ گروپس میں شامل ہوں، آیے مل کر سر جوڑ کر بیٹھیں اور اپنے مستقبل کی منصوبہ بندی کریں۔

یاد رہے کہ ریحام خان نے 2014ء میں عمران خان سے شادی کی تھی اور یہ رشتہ صرف 10 ماہ بعد 2015ء میں طلاق پر ختم ہوا، 2018ء میں ریحام خان نے اپنی سوانح عمری ریحام خان کے عنوان سے شائع کی، جو ان کی ازدواجی زندگی اور بانی پی ٹی آئی کے گرد گھومتی ہے۔

قومی خبریں سے مزید