”خدا اور محبت“ کی ریلیز سے قبل شہرت، 10 لاکھ ویوز

January 23, 2021

کراچی (محمد ناصر) عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کے ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کے بینر تلے تخلیق کیا گیا سال کا سب سے بڑا اور آئیکونک سیریل ”خدا اور محبت“ ریلیز ہونے سے پہلے ہی شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گیا ہے۔ گذشتہ رات8 بجے سے ریلیز ہونے والے ڈرامے کے پہلے ٹریلر نے محض17 گھنٹے میں سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم ”یوٹیوب“ پر تہلکہ مچاتے ہوئے ”ون ملین ویوز“ کا سنگ میل عبور کر لیا ہے جس میں وقت گزرنے کے ساتھ تیزی سے مزید اضافہ ہورہا ہے۔ صرف 17 گھنٹے میں پہلے ٹریلر پر 10 لاکھ ویوز کا آنا اس بات کی ضمانت ہے کہ شائقین انتہائی بے تابی سے اپنے پسندیدہ سیریل کو دیکھنے کیلئے بے قرار ہیں۔ یہ ناظرین کی دلچسپی ہی ہے جس نے ڈرامہ سیریل ”خدا اور محبت“ کے لانچ سے پہلے ہی انتظار کی شدتیں بڑھادی ہیں۔ پروڈیوسرز عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کی یہ آئیکونک سیریل جلد پاکستان کے نمبر ون انٹرٹینمنٹ چینل ”جیو ٹی وی“ سے نشر کی جائے گی لیکن یہ ڈرامہ کس تاریخ سے باقاعدہ آن ایئر کیا جائے گا اُسے جاننے کیلئے عوام کو تھوڑااور انتظار کرنا ہوگا۔