روسی اپوزیشن رہنما الیکسی ناوالنی کےحق میں ہزاروں افراد کا مظاہرہ

January 23, 2021

روس میں حزب مخالف رہنما الیکسی ناوالنی کےحق میں ہزاروں افراد ماسکو کی سڑکوں پر نکل آئے، پولیس نے احتجاجی ریلی سے پہلے ہی تقریباً 100 مظاہرین کو حراست میں لے لیا ہے۔

روس کے دارالحکومت ماسکو میں حزب مخالف کے رہنما الیکسی ناوالنی کےحق میں بڑی احتجاجی ریلی نکالی جارہی ہے۔

اس موقع پر شہر میں پولیس تعینات ہے، پولیس نے ریلی سے پہلے ہی صدر ولادیمیر پیوٹن کے سیاسی مخالف الیکسی ناوالنی کے کم ازکم 100 حامیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

روسی وزارت داخلہ کے مطابق احتجاجی ریلی میں کم از کم چار ہزار افراد شریک ہیں۔

گزشتہ ہفتے ناوالنی کو پانچ ماہ بعد وطن واپسی پر ایئرپورٹ سے حراست میں لیا گیا تھا۔

ناوالنی کے حامیوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے رہنما کی رہائی تک روس کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔