نادیہ خان کے خوبصورت لمحے سوشل میڈیا پر شیئر

January 24, 2021

رواں ماہ کی شروعات میں ایک بار پھر سے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی معروف اداکارہ و میزبان نادیہ خان نے اپنے شوہر فیصل ممتاز راؤ کے ہمراہ اپنے خوبصورت لمحے سوشل میڈیا پر شیئر کردیے۔

تفصیلات کے مطابق نادیہ خان نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے شوہر فیصل ممتاز راؤ کے ہمراہ اپنی نئی تصویر شیئر کی ہے۔


مذکورہ تصویر میں نادیہ خان کے شوہر سیاہ رنگ کی شیروانی میں ملبوس ہیں جبکہ نادیہ خان نے بھی سیاہ رنگ کا خوبصورت لباس زیب تن کیا ہوا ہے۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویر میں نوبیہاتا یہ جوڑا بےحد دلکش نظر آرہا ہے۔

نادیہ خان نے تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’ایسا ناممکن ہے کہ ہم تصویر لیے بغیر پارٹی سے واپس آجائیں۔‘

اداکارہ و میزبان نے کہا کہ ’ہم اپنے حسین لمحوں کو اپنے خوبصورت مداحوں کے ساتھ شیئر کررہے ہیں۔‘

آخر میں اُنہوں نے مداحوں سے اُن کی رائے دریافت کرتے ہوئے لکھا کہ ’فیصل شیروانی میں کیسے لگتے ہیں؟‘

نادیہ خان کی اس پوسٹ صارفین کی بڑی تعداد پسند کررہی ہے جبکہ پوسٹ پر محبت بھرے تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

خیال رہے کہ نادیہ خان کچھ دن قبل ہی رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی ہیں جس کی تصویریں اُنہوں نے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی تھیں۔

سوشل میڈیا پر یہ کہا جارہا ہے کہ نادیہ خان کی یہ تیسری شادی ہے جبکہ اداکارہ کا کہنا ہے کہ یہ اُن کی دوسری شادی ہے۔

نادیہ خان اس سے قبل بھی شادی کے بندھن میں بندھ چکی ہیں اور اُن کے تین بچے ہیں، اُن کی بڑ ی بیٹی کا نام علیزے، بیٹے کا نام اذان اور سب سے چھوٹے بیٹےکا نام کیان ہے۔

واضح رہے کہ نادیہ خان پاکستان کی مقبول ترین میزبان ہیں اور اُس کے علاوہ اُنہوں نے جیو انٹرٹینمنٹ سمیت دیگر ٹی وی چینلز پر بھی متعدد ڈراموں میں اداکاری کی ہے۔