مسلم لیگ (ن) کی سیف اللّٰہ کھوکھر کی املاک گرانے کی مذمت

January 24, 2021


پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پارٹی رہنما سیف اللّٰہ کھوکھر کی املاک گرانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب نے بنی گالہ کا اپنا غیر قانونی محل بچالیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سیاسی مخالفین کے گھر اور املاک گرا رہے ہیں، ملک سیف اللّٰہ کھوکھر کو نواز شریف اور شہباز شریف سے وفاداری کی سزا دی جارہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو وفاداری تبدیل کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے، عمران صاحب نوازشریف کے ساتھیوں کو ڈرایا اور خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا۔

خیال رہے کہ لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن لاہور میں سرکاری زمین واگزار کروانے کے لیے صبح 6 بجے شروع ہونے والا آپریشن 8 گھنٹے جاری رہاجو اب مکمل ہوچکا ہے۔

آپریشن کے دوران گرائی گئی تعمیرات میں ایک مارکیٹ، کھوکھر برادران کے بھانجے طاہر جاوید اور اکمل کھوکھر کے گھر شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے کھوکھر برادران سے 125 کروڑ روپے مالیت کی سرکاری زمین واگزار کروالی ہے۔