دائرہ اسلام میں داخل ہونے والے یوٹیوبرز

February 08, 2021

سوشل میڈیا کے ذریعے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے دنیا بھر میں مقبول و معروف یوٹیبوبر اسلامی تعلیمات اور عقائد سے متاثر ہوکر تیزی سے دائرہ اسلام میں بھی داخل ہورہے ہیں اور دنیا بھر میں دینِ اسلام سے متعلق پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کر رہے ہیں۔

یہاں ہم ایسے ہی عالمی شہرت یافتہ یوٹیوبرز اور سیاحوں کا تذکرہ کریں گے جو دائرہ اسلام میں داخل ہوگئے ہیں۔

جرمن سیاح و یوٹیوبر کرسچن بیٹزمین:

جرمنی سے تعلق رکھنے والے مشہور سیاح و وی لاگر کرسچن بیٹزمین نے حال ہی میں اسلام قبول کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میں نے ایک سال سے زیادہ وقت پاکستان میں گزارا جہاں مجھے اسلام سے متعلق بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ، آج میں باقاعدہ کلمہ توحید پڑھ کر دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔

کینیڈین ٹریول بلاگر روزی گیبرئیل:

گزشتہ سال کے آغاز میں ایک طویل وقت پاکستان میں گزارنے والی کینیڈین ٹریول بلاگر روزی گیبرئیل نے اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے انسٹاگرام پر ایک طویل پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ 2019 ان کی زندگی کے مشکل ترین برسوں میں سے ایک تھا لیکن زندگی کے تمام چیلنجز نے انہیں آج اس نقطے پر پہنچا دیا ہے۔

کینیڈین بلاگر کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک دہائی سے مسلم ممالک میں سفر کے دوران انہوں نے دیکھا کہ اسلام امن کا مذہب ہے۔

معروف یوٹیوبر جے پلفری:

برطانیہ سے تعلق رکھنے والے معروف یوٹیوبر جے جورج ولیم پلفری نے ستمبر 2020 میں دورہ ترکی کے دوران دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل پر ’میں مسلمان ہوگیا‘ کے عنوان سے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں باضابطہ طور پر دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا اعلان کیا گیا۔

یوٹیوبر جے پلفری نے اپنے یوٹیوب چینل پر 7 منٹ اور 25 سیکنڈ پر مبنی ویڈیو شیئر کی تھی جس میں جارج ولیم کو استنبول کی سلیمانیہ مسجد میں کلمہ شہادت پڑھ کر دائرہ اسلام میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

کورین یوٹیوبر اور سابقہ پاپ گلوکار کم داؤد اور اہلیہ میا

2019 میں عیسائی مذہب سے کنارہ کشی کر کے جنوبی کوریا کے سابق گلوکار اور یوٹیوبر دائرہ اسلام میں داخل ہوئے اور پھر ایک برس بعد ان کی اہلیہ میا بھی گزشتہ برس اسلام قبول کر کے مسلمان ہوگئیں۔

نومبر 2020 میں کم داؤد نے my wife became a muslim کے عنوان سے یوٹیوب پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اہلیہ کے مسلمان ہونے کا اعلان کیا۔

ویڈیو میں داؤد کم کو اپنی اہلیہ میا کو کلمۂ شہادت پڑھاتے ہوئے دیکھا گیا۔