پسماندہ ترین علاقوں کا وکیل ہوں، عثمان بزدار

February 08, 2021

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کہتے ہیں کہ وہپسماندہ ترین علاقوں کے وکیل ہیں اور اب پنجاب کے دورافتادہ علاقوں کی محرومیوں کے خاتمے کا وقت آگیا ہے۔

لاہور سے جاری کیے گئے بیان میں عثمان بزدار نے کہا کہ ترقی کے سفر کو نظرانداز کیے گئے شہروں تک لے کر گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ ماضی میں وسائل کو جان بوجھ کر مخصوص شہروں تک محدود رکھا گیا، سابق حکمرانوں نے حقیقی ضروریات کے بجائے ذاتی پسند و ناپسند کو ترجیح دی۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ سابق دور کی فاش خرابیاں دور کی ہیں، ماضی میں قومی وسائل کے من پسند استعمال کی غلط روایت کو ختم کیا ہے۔

عثمان بزدار نے مزید کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار قومی وسائل کی یکساں تقسیم کی داغ بیل ڈالی، وسائل کی یکساں تقسیم صوبے کی یکساں ترقی کی ضامن ہے۔