چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیمبر پر حملہ، وکلاء کی مذمت

February 09, 2021

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ کے چیمبر پر گزشتہ روز ہونے والے حملے کی وکلاء کی جانب سے مذمت کی گئی ہے۔

اسلام آباد کی عدالتوں میں پریکٹس کرنے و الے 70 وکلاء نے جاری کیئے گئے اعلامیئے کے ذریعے چیف جسٹس چیمبر پر حملےکی مذمت کی ہے۔

مذمتی بیان عمر اعجاز گیلانی، ایمان زینب مزاری سمیت 70 وکلاء کے دستخط سے جاری کیا گیا ہے۔

اعلامیئے میں کہا گیا ہے کہ عدلیہ پر حملہ دراصل لیگل پروفیشن کی بنیادوں پر حملہ ہے۔

وکلاء کا کہنا ہے کہ ہائی کورٹ پر حملے کی ویڈیو میں وکلاء کا ایک حملہ آور گروہ صاف نظر آ رہا ہے۔

وکلاء نے مطالبہ کیا ہے کہ اسلام آباد بار کونسل واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے۔


مذمتی بیان میں وکلاء نے مطالبہ کیا ہے کہ جو کچھ ہوا اس کی مذمت کافی نہیں، فوجداری قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔

وکلاء نے کہا ہے کہ اسلام آباد بار کونسل کی کارکردگی مایوس کن ہے، جو وکلاء کا کنڈکٹ ریگولیٹ کرنے میں ناکام رہی۔

وکلاء کی جانب سے مذمتی بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسلام آباد بار کونسل کی ناکامی سے نوبت یہاں تک پہنچی کہ وکلاءنے ہائی کورٹ پر حملہ کیا۔