سات سالہ پائلٹ خلانورد بننا چاہتا ہے

February 13, 2021

پیارے بچو، آپ نےجہاز اڑتے دیکھے ہوں گے، جہاز میں سفر بھی کیا ہوگا، جنہیں ماہر تربیت یافتہ پائلٹ اڑاتے ہیں۔ لیکن آج آپ سات سالہ پائلٹ سے ملیں۔ یہ چھوٹا پاگلٹ افریقی ملک یوگنڈا کے شہر انتابے میں رہتا ہے جہاں ’’کیپٹن‘‘ کے نام سے معروف ہے۔ اس کا اصل نام تو گراہم شیما ہے لیکن وہ تین مرتبہ سیسنا طیارہ اڑا چکا ہے، جس کی وجہ سے لوگ اسے کیپٹن کے نام سے پکارتے ہیں۔ اسے ایک حادثے کی وجہ سے پائلٹ بننے کا شوق ہوا۔گراہم کی عمر جب 5سال تھی ، ایک ہیلی کاپٹرفنی خرابی یا پائلٹ کی غلطی کی وجہ سے اس کے گھر کی چھت کے اوپر آ کر گرا اور تباہ ہو گیا۔ حادثے کے وقت گراہم گھر کے باہر کھیل رہا تھا۔

اس نے ہیلی کاپٹر کو اپنے گھر کے اوپر گر کر تباہ ہوتے دیکھا ۔ اس کے بعد ہی سے اس کے دل میں ہوائی جہاز اڑانے کا شوق پیدا ہوا۔ اس نے جہاز اڑانے کی باقاعدہ تربیت لینی شروع کر دی۔ وہ آج بھی انتابے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہوائی جہاز اڑانے کی تربیت حاصل کر رہا ہے۔گراہم کو ریاضی اور سائنس کے مضامین میں گہری دلچسپی ہے جب کہ خلانورد ایلن مسک اس کا رول ماڈل ہیں۔

اس کی ایک خواہش خلانورد بننے کی بھی ہے۔ وہ خلانوردی کی تربیت حاصل کرکے ان کے ساتھ ہی خلائی سفر کرنا چاہتا ہے۔اس نے اپنے فضائی سفر کا آغاز سسینا 172طیارہ انتہائی مہارت سے اڑا کر اور اسے بہ حفاظت زمین پر اتار کر کیا۔ابھی وہ زیر تربیت ہے ، فضا میں پرواز کے بعد جب وہ زمین پر اپنا طیارہ لے کر واپس آیا تو اس کے انسٹرکٹر نے میڈیا کے سامنے اس سے سوال کیا، ’’ جہاز کا انجن کیسے کام کرتا ہے ‘‘۔

ننھے پائلٹ نے بغیر سانس لیے کہنا شروع کیا کہ’’ ٹیوب ہوا کھینچتی ہیں، اور یہ ہوا کمپریسر میں بھیجتی ہیں،کمپریسر ہوا جذب کرتا ہے اور پنکھے چلنا شروع ہو جاتے ہیں اور پنکھے چلنے کے بعد انجن گرم ہو جاتا ہے، جس کے بعد طیارہ اڑنے کے قابل ہوجاتا ہے‘‘۔ پیارے بچو، اگر آپ بھی سیکھنے کا عزم رکھتے ہیں تو اپنے ملک اور بیرون ملک رہنے والے باصلاحیت بچوں سے سبق سیکھیں اورمختلف شعبہ ہائے زندگی میں انوکھے کارنامے انجام دینے کی کوشش کریں۔