گھر میں3D ٹائلز اور 3D وال پیپر کا استعمال

February 14, 2021

تعمیراتی عمل کے دوران مکان کا ڈھانچہ جب تیار ہوجاتا ہے تو پھر اس کی فنشنگ کی باری آتی ہے، جس میں سے ایک فرش کے لیے ٹائلز یا ماربل وغیرہ کا استعمال اور دیواروںپر رنگ و روغن یا وال پیپر کا انتخاب ہوتا ہے۔ اگر یوں کہا جائے کہ فرش اور دیواروں کے ذریعے گھر کی شکل وصورت یکسرتبدیل کی جاسکتی ہے تو غلط نہ ہوگا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مکینوں کو ان دونوںچیزوں پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ فرش اور دیواروں کو خوبصورت بنانے کے ویسے تو کئی طریقے ہیں مگر آجکل 3D ٹائلز اور 3D وال پیپر ٹرینڈ کا حصہ ہیں۔ زیرِ نظر مضمون میں ہم گھر کے مختلف حصوں کے لیےپیٹرن کا ذکر کررہے ہیں۔

3D ٹائلز/ وال پیپر

تھری ڈی ٹیکنالوجی کے متعارف ہونے کے بعد فرش کیلئے 3D ٹائلز بنائے جانے لگے ہیں۔ فلورنگ کیلئے استعمال ہونے والے یہ نئے ٹائلز فرش کو جدت فراہم کرتے ہیں۔ روایتی فرش کے مقابلے میں تھری ڈی ٹیکنالوجی کے ذریعے آپ اپنے گھرکو فطرت سے بآسانی ہم آہنگ کرسکتے ہیں۔ 3D ٹائلز اور 3D وال پیپر کے ذریعے گھر کے مختلف حصوں کو مسحورکن تصاویر سے سجایا جاتا ہے، جنھیں دیکھ کر فطری ماحول کا گمان ہوتا ہے یعنی یوں معلوم ہوتا ہے کہ گویا آپ کے سامنے وہ چیز حقیقت میں موجود ہے۔ آپ کے بیڈروم، کچن اور باتھ روم کافرش کنکریٹ سے بناہو یا پھر ماربل اور لکڑی سے، آپ اسے ایسی تصاویر سے سجا سکتے ہیں جن سے گھر میں جنگل کا نظارہ، سمند ر کا سماں، بادلوں کی سواری جیسے تجربات کا احساس ہو۔

تنصیب کا مرحلہ

تھری ڈی فلورنگ کی تنصیب چار مراحل میں کی جاتی ہے۔ پہلے مرحلے میں فلورمیورل کے لیے آرٹ امیجز (تصاویر) کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ دوسرے مرحلے میں ان تصاویر کے زاویہ نگاہ میں تبدیلی کی جاتی ہے، یعنی گرافکس پروگرام میں منتخب کردہ 3D فلور ڈیزائن کی تصویرفکس کی جاتی ہے۔ تیسرے مرحلے میں تھری ڈی فرش کے عکس کو مکمل کرنے کے لیے اس کے زاویوں کو نیچے، سامنے، اطراف اور عقب میں توسیع دی جاتی ہے، بالکل عین اس طرح جیسے ہم کمرے کو دیکھتے ہیں۔ چوتھے مرحلے میں 3D فلور میورل کو مکمل کرنے کے لیے ایڈیٹر ٹولز کا دانش مندانہ استعمال کیا جاتا ہے ۔

ڈیزائننگ

جیسا کہ مضمون میں ذکر کیا گیا کہ گھر کی اندرونی آرائش و سجاوٹ کے لیے 3Dٹیکنالوجی کا انتخاب دو طریقوں (3D ٹائلز اور 3D وال پیپر) سے کیا جاسکتا ہے۔ تاہم، ان دونوں کے لیے ہی ڈیزائن کے انتخاب کا مرحلہ آسان نہیں ہوتا۔ بیشتر افراد 3D تصاویر اور ڈیزائن کی لامحدود اقسام کے باعث پریشانی کا شکار ہوجاتے ہیں، انھیں سمجھ ہی نہیں آتا کہ گھر کے کس حصے کے لیے کون سا ڈیزائن بہتر رہے گا۔ آئیے اس حوالے سے تعمیراتی ماہرین کی رائے جانتے ہیں۔

ڈرائنگ روم/ لیونگ روم

ڈرائنگ روم اور لیونگ روم گھر کے اہم ترین حصے مانے جاتے ہیں۔ یہاں کی عمدہ تعمیر و سجاوٹ مہمانوں کو آپ کے جمالیاتی ذوق کا گرویدہ بناتی ہے۔ ان کمروں کے لیے 3D ٹائلز یا 3Dوال پیپر کا انتخاب خوب سو چ بچار کے بعد کریں۔ تعمیراتی ماہرین اس حوالے سے 3D ٹائلز کے بجائے 3D وال پیپر کے انتخاب کا مشورہ دیتے ہیں۔ گلیکسی وال پیپر پرنٹ آجکل کافی مشہور ہے، جسے 3D وال پیپر ز کےخوبصورت ڈیزائنز میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ آپ خلا کا 3Dوال پیپر لگاکر خود کو اس ماحول کا حصہ سمجھ سکتے ہیں۔ اس کے ذریعے آپ کو یوں محسوس ہوگا کہ گویا آپ نے بادلوں سے اوپر کہکشائوں میں بسیرا کرلیا ہویا کائنا ت کے جھلمل کرتے سیاروں اور ستاروں کا مزہ لے رہے ہوں۔

بیڈروم

بیڈروم گھر کا وہ حصہ ہے جہاںانسان آرام کی غرض سے جاتا ہے۔ اس کی تعمیر و آرائش مزاج اور نیندپر مثبت یا منفی طور پر اثر انداز ہوتی ہے۔ بیڈروم کے فرش کے لیے ٹائلز یا وال پیپر کا انتخاب کرنا ہو تو 3D ڈیزائننگ کے ایسے پیٹرن کا انتخاب کریں جو سکون اور طمانیت کا باعث ہوں۔ ماہرین اس حوالے سےباغات اور جھلملاتے سمندر کے ڈیزائن کے انتخاب کا مشورہ دیتے ہیں۔ یہ انتخاب آپ کے بیڈروم کو منفرد بنانے کے ساتھ آپ کو ایک خوبصورت فطری ماحول فراہم کرے گا۔

بیڈروم کے لیے 3D وال پیپر منتخب کرتے وقت گھنے جنگلات والا ڈیزائن بھی منتخب کیا جاسکتا ہے۔ درختوں اور ہریالی کا نظارہ آپ صبح شام بیڈروم کی کسی بھی دیوار پر دیکھ سکیں گے، جس سے آپ کا مزاج بھی بہتر رہے گا۔

کچن

بڑے کچن کے لیے سب سے عام آپشن 3Dوال پیپر کا استعمال ہے۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ پوری دیوار پر وال پیپر چسپاں کرنے کے بجائے اس کا صرف ایک ٹکڑا یعنی بطور تصویر استعمال ہوتا ہے۔ ضروری نہیں کہ کچن کے داخلی حصے میں کھانے کی تصاویر پر مبنی 3D وال پیپر لگایا جائے۔ جدید طرز کے کچن میں والیو میٹرک (Volumetric) ڈرائنگ خوب جچتی ہے۔

باتھ روم

باتھ روم میں عموماً وال پیپر کا استعمال دیکھنے میںنہیں آتا، البتہ آپ 3Dٹائلز کے ذریعے اپنی اس خواہش کو پورا کرسکتے ہیں۔ باتھ روم کیلئے 3D فلورنگ کے ویسے تو بے شمار ڈیزائن دستیاب ہیں مگر ٹھہرا ہوا پانی اور پھولوں کا پرنٹ سب سے زیادہ مقبول ہیں۔ یہ پرنٹ باتھ روم کے ماحول کو منفرد بنادیتے ہیں اور آپ باتھ روم میں گزارے گئے وقت کو ایک خوبصورت احسا س کے ساتھ خود کو پُرسکون محسوس کرتے ہیں۔