کوئی پارٹی نہیں ہو رہی، رمشا خان ساتھی اداکار پر برہم

February 20, 2021

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اور باصلاحیت اداکارہ رمشا خان وائرل ہونے والی ویڈیو ’پاوری ہورہی ہے‘ کی طرز پر ویڈیو بنانے کی کوشش کرنے والے ساتھی اداکار پر برہم ہوگئیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر رمشا خان کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ اپنے ساتھی اداکاروں کے ساتھ گاڑی میں موجود ہیں۔

مذکورہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکار عُمر خان وائرل ویڈیو ’پاوری ہورہی ہے‘ کی طرح ویڈیو بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔

عُمر خان سب سے پہلے اپنا اور ساتھی اداکارہ مریم کا تعارف کرواتے ہیں اور پھر وہ جیسے ہی کہتے ہیں کہ اور ہمارے ساتھ رمشا بھی ہیں تو بس اس جملے پر اداکارہ رمشا خان آگ بگولہ ہوجاتی ہیں۔

رمشا خان ہاتھ جوڑ کر ساتھی اداکار کو کہتی ہیں کہ ’خدا کا واسطہ ہے چُپ ہوجاؤ، کچھ نہیں ہورہا، کوئی پارٹی نہیں ہورہی، بس کام ہورہا ہے تو چُپ کرکے بیٹھ جاؤ۔‘

اداکارہ کے یوں جھاڑنے پر عُمر خان کہتے ہیں کہ ’یہاں بے عزتی ہورہی ہے۔‘

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک نوجوان لڑکی پاکستان کے شمالی علاقے میں اپنے دوستوں کے ساتھ موجود ہوتی ہے اور کہتی ہے کہ ’یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پاوری ہو رہی ہے۔‘

لڑکی کے بولنے کا انداز اور لب و لہجہ ایسا تھا کہ ویڈیو صارفین کو بھا گئی اور چند ہی گھنٹوں میں وائرل ہوگئی، یہ ویڈیو ناصرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی کافی مقبول ہورہی ہے۔

پاکستان میں وائرل ہونے کے بعد ’یہ ہماری پاوری ہورہی ہے‘ ویڈیو سرحد کے اُس پار بھی اس قدر مقبول ہوئی کہ دیکھتے ہی دیکھتے یہ ویڈیو گانے میں تبدیل ہوگئی۔

پاکستان، بھارت سمیت دیگر ممالک میں اس ویڈیو کو خوب پسند کیا جارہا ہے اور لوگ بھی دانا نیر کا یہ انداز فالو کرتے ہوئے ویڈیوز بنا رہے ہیں۔

دنانیر کے ڈائیلاگز کو پسند کرتے ہوئے پاکستانی شوبز ستارے بھی اپنے دوستوں کے ساتھ ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کررہے ہیں۔