بھارتی رئیلٹی شو بگ باس کے ساتویں سیزن کی فاتح ماڈل اور اداکارہ گوہر خان کے دیور اویس دربار بھی ’پاوری‘ کرنے کے ٹرینڈ میں شامل ہوگئے۔
اس ضمن میں اویس دربار نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک دلچسپ ویڈیو شیئر کی جو اُنہوں نے گزشتہ روز ویلنٹائن ڈے کی ایک تقریب میں اپنے دوستوں کے ہمراہ بنائی تھی۔
اویس دربار نے دانا نیر کے منفرد انداز کو اپناتے ہوئے یہ ڈائیلاگز بولے:
یہ میں ہوں، یہ اترنگز ہیں اور یہاں پاوری ہورہی ہے
ہم نے اترنگی کپڑے پہنے ہیں کیونکہ یہاں پاوری ہورہی ہے
آج ویلنٹائن ڈے ہے اور یہاں پاوری ہورہی ہے
اویس دربار نے دوستوں کے ساتھ بنائی گئی یہ دلچسپ ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’ہم بھی دانا نیر کے اس کیوٹ ٹرینڈ میں شامل ہوگئے۔‘
دوسری جانب پاوری گرل دانا نیر نے اویس دربار کی پوسٹ اپنی انسٹا اسٹوری میں شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’سرحد کے اُس پار یہ میرے پسندیدہ سوشل میڈیا اسٹار ہیں۔‘
دانا نیر نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ویڈیو واقعی میں لاجواب ہے۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک نوجوان لڑکی پاکستان کے شمالی علاقے میں اپنے دوستوں کے ساتھ موجود ہوتی ہے اور کہتی ہے کہ ’یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پاوری ہو رہی ہے۔‘
لڑکی کے بولنے کا انداز اور لب و لہجہ ایسا تھا کہ ویڈیو صارفین کو بھا گئی اور چند ہی گھنٹوں میں وائرل ہوگئی، یہ ویڈیو ناصرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی کافی مقبول ہورہی ہے۔
پاکستان میں وائرل ہونے کے بعد ’یہ ہماری پاوری ہورہی ہے‘ ویڈیو سرحد کے اُس پار بھی اس قدر مقبول ہوئی کہ دیکھتے ہی دیکھتے یہ ویڈیو گانے میں تبدیل ہوگئی۔
معروف بھارتی میوزک کمپوزر یشراج مکھاٹے، جو ٹی وی شوز اور فلموں کی ویڈیو کلپس کو مضحکہ خیز گانوں میں تبدیل کرنے کے لئے مشہور ہیں، اُنہوں نے پاکستانی لڑکی کی ایک اس دلچسپ ویڈیو کو بھی ایک گانے میں تبدیل کردیا ہے۔
پاکستان، بھارت سمیت دیگر ممالک میں اس ویڈیو کو خوب پسند کیا جارہا ہے اور لوگ بھی دانا نیر کا یہ انداز فالو کرتے ہوئے ویڈیوز بنا رہے ہیں۔
دانا نیر کے ڈائیلاگز کو پسند کرتے ہوئے پاکستانی شوبز ستارے بھی اپنے دوستوں کے ساتھ ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کررہے ہیں۔