تعمیراتی شعبے کے نئے ٹرینڈز

February 21, 2021

ٹیکنالوجی کی ترقی کے باعث ڈیجیٹلائزیشن اور آٹومیشن عام ہوتی جارہی ہے۔ دنیا بھر میںتعمیراتی شعبہ بھی تیزی سے آٹومیشن کو اپنا رہا ہے۔ اب تو پری فیب ٹیکنالوجی کی مدد سے چند روز میں ہی بڑی بڑی عمارتیں کھڑی کردی جاتی ہیں۔ گزشتہ چند سالوں میں جو ایجادات اور ترقی دیکھنے میں آرہی ہے، اس کی رفتار میںمسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

لوگ دنیا بھر میںاپنائے جانے والے ٹرینڈز دیکھ کر بلڈرز سے اپنے تعمیر ہونے والے گھر میںوہی انداز اپنانے کا کہتے ہیں۔ نئے زمانے سے خود کو ہم آہنگ رکھنے کے لیے بلڈرز بھی نت نئے ٹرینڈز اپنا رہے ہیں۔ تاہم، لوگوں کا تحفظ یقینی بنانا تعمیراتی صنعت کے لیے اب بھی سب سے بڑا چیلنج ہے۔ آئیے جانتے ہیں کہ موجودہ دور میں تعمیراتی صنعت میں کن ٹرینڈز پر عمل کیا جارہا ہے۔

مٹیریل

ڈیزائن انڈسٹری میں اکثریت کی یہ پیشن گوئی ہے کہ آنے والے وقتوں میں سفید رنگ اور اسٹین لیس اسٹیل کا استعمال کم ہوتا جائے گا۔ ان کے متبادل کے طور پر تانبے، پتھر، کنکریٹ اور گرینائٹ کا استعمال عام ہوجائے گا۔ ڈیزائن فوکل پوائنٹ آف ویو کے مطابق آنے والے دنوں میں بحیثیت مٹیریل کنکریٹ ایک نمایاں کردار ادا کرنے والا ہے۔

اسمارٹ ہوم کنٹرول

ٹیکنالوجی میںآئے روز جدت آنے کے ساتھ اب ہمارے پاس نہ صرف اسمارٹ فونز اور ٹیبلیٹس ہیں بلکہ ہمارے گھر بھی اسمارٹ ہو تے جارہے ہیں۔ خودکار یا آٹو میٹک کنٹرول سسٹم آجکل کا سب سے بڑا ٹرینڈ ہے ۔ اس سے آپ توانائی کی بچت کرنے کے قابل ہوتے ہیں اور آپ کو اپنے مزاج کے مطابق گھر کو سیٹ کرنے میں مدد ملتی ہے۔

فرش کی تعمیر

فرش کی تعمیر میں مختلف مٹیریل استعمال کیا جاتا ہے، جس میںٹائلز اور ماربل کے ساتھ لکڑی کا استعمال کافی عام ہونے لگا ہے۔ اگرچہ کہ سفید رنگ کے فرش کی دیکھ بھال کافی مشکل معلوم ہوتی ہے، تاہم جب آپ کچن، باتھ روم اور لیونگ روم میں سفید رنگ کافرش دیکھیں گے تو یقیناً اپنے فیصلے پر ناز کریں گے۔ سفید ٹائلز یا لکڑی کا سفیدفرش اندھیرے میں بھی آپ کے گھر کو روشن کردے گا اور اس سے گھر بھی کھلا کھلا محسوس ہوگا۔

جدید بیڈ رومز

کمروںمیںکشادگی کا عنصر پیدا کرنے کے لیے اب بھاری بھرکم فرنیچر رکھنے کا زمانہ پرانا ہوگیا ہے۔ اب گھروں میں کم سے کم اشیا رکھنے کا رواج زور پکڑ رہاہے کیونکہ اشیا کی بھر ما ر توانائی کو کھینچتی ہے۔ بیڈروم میں بڑے سائز کی جگہ کومپیکٹ بیڈ اور الماری رکھی جارہی ہیں جن میںسامان رکھنے کی اضافی جگہ دستیاب ہوتی ہے۔ ایک آرام دہ اور پرسکون بیڈروم، دیدہ زیب رنگوں کے ساتھ مکینوں کی ترجیح بن رہاہے۔ بیڈرومز میں سکون بخشنے والے ٹھنڈے رنگوں کا استعمال کیا جارہاہے جبکہ بچوں کے کمرے میں ایک دیوار پر نیلا رنگ اور باقی تین دیواروں پر چمکتا سفید رنگ بچوںکو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔

دیوار کیلئے ٹائلز ڈیزائن

ٹائلز کےمختلف ڈیزائن آپ کے گھر کی دیواروں کو جدید اور آرٹسٹک ٹچ دے سکتے ہیں اور یہ وال پیپر کے مقابلے میں جلد خراب بھی نہیںہوتے۔ آپ گھر کی تعمیر میں ٹائلز کے پیٹرن منتخب کرنے پر خاص دھیان دیں تاکہ وہ آپ کے گھر کو شاندار بناسکیں۔

کھلے راستے اور دالان

کووِڈ-19 کی وبا کے بعد سے انسان کا زیادہ تر وقت گھر پر ہی گزرتا ہے۔ ایسے میں ضروری ہوگیا ہے کہ گھر میںکشادگی پیدا کرنے کے لیے راستے اور دالان وغیرہ میں اضافی سامان نہ رکھا جائے تاکہ چلنے پھرنے میںکوئی رکاوٹ نہ ہو۔ گھر کے بڑے بزرگوں کے لیے کھلے دروازے اورکشادہ دالان ان کے آرام کا باعث بنیںاور وہ بآسانی ادھر ادھر حرکت کرسکیں۔ آپ کے گھر میں وہ سب کچھ موجود ہو جو آپ کو روایات سے بھی جوڑے رکھے۔

رنگین کچن

کچن کو رنگین بنانے کا ٹرینڈ بھی عام ہوگیاہے اور لوگ تیزی سے اسے اپناتے جارہےہیں۔ کچن کی دیواروں میں رنگوں کا امتزاج بنایا جاتا ہے تو کیبنٹس پر مختلف پینٹ کیے جاتے ہیں۔ ساتھ ہی کائونٹر ٹاپ کے لیے دیواروں اور کیبنٹس کے رنگوں کے برخلاف رنگ منتخب کرکے اسے نہ صرف منفرد بنایا جاسکتا ہے بلکہ کچن میں کام کرنے والے بھی اپنے کام سے لطف اٹھائیں گے۔

روف ڈیک

روف ڈیک اب صرف اپارٹمنٹس کے لیے ہی مختص نہیںہیں بلکہ یہ گھروں کے لیے بھی بڑا فیچر بنتے جارہےہیں۔ یہ روزانہ استعمال ہونے والے یا عقبی حصے میں لگے چھجے کا عمدہ متبادل ہیں۔ روف ڈیک میں آ پ مختصر سا فرنیچر رکھ لیں اور شام کو ڈوبتے سورج کا نظارےکریں۔

ٹینک لیس واٹر ہیٹر

دورِ جدید میں مالکان ہمیشہ توانائی اور پیسہ بچانے کے طریقوں پر غور کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے ٹینک لیس واٹر ہیٹر بہت مقبول ہورہاہے کیونکہ یہ گرم پانی صرف اسی وقت فراہم کرتا ہے جب اس کی ضرورت ہوتی ہے ۔ یہ گیس اور بجلی دونوں سے چلتا ہے۔ یہ روایتی ہیٹر کے مقابلے میں سائز میں چھوٹا ہوتا ہے اور جگہ بھی کم گھیرتا ہے۔

اس میں سے • گرم پانی اسی وقت نکلے گا جب آپ نل کھولیں گے۔ • گرم پانی کی فراہمی مسلسل رہتی ہے۔ •اس کے استعمال سے گھر میں بجلی یا گیس کی اچھی خاصی بچت ہوتی ہے۔ اسے بآسانی دیوار پر بھی لگایا جاسکتاہے۔