بگ باس 14 کے فائنل میں بھی ’پاوری‘ ہوئی تھی؟

February 22, 2021

بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 کے کنٹسٹنٹ بھی پاکستانی پاوری گرل دنانیر مبین سے متاثر ہوگئے۔

گزشتہ سال اکتوبر سے شروع ہونے والا بھارت کا مقبول ترین رئیلیٹی شو بگ باس کا سیزن 14 اختتام پذیر ہوگیا ہے اور اس ضمن میں گزشتہ روز اس شو کی فائنل تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔

بگ باس کے سیزن 14 کی فائنل تقریب کا آغاز کرتے ہوئے اس شو کی کنٹسٹنٹ جیسمین بھاسن نے پاوری گرل کا دنانیر کی تین جملوں پر مبنی مقبول ترین ویڈیو کا منفرد انداز اپناتے ہوئے کہا:

یہ میں ہوں جیسمین بھاسین، یہ ہیں بگ باس کے کنٹسٹنٹ اور اُن کے گھروالے، یہ ہے بگ باس کی وہ ٹرافی جو میں تو نہیں جیت پائی، یہاں ہورہا ہے بگ باس 14 کا گرینڈ فینالے اور ہم پاوری کررہے ہیں

سوشل میڈیا پر بگ باس 14 کے فائنل کی تقریب کی اس پاوری ویڈیو کو ہیش ٹیگ ’پاوری ہورہی ہے‘ کے ساتھ بڑی تعداد میں شیئر کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ بگ باس کے سیزن 14 کی فاتح سب سے مضبوط اُمیدوار روبینہ دلیک قرار پائی ہیں۔

بگ باس 14 میں روبینہ دلیک کے ساتھ اُن کے شوہر ابھینوو شکلا بھی اس گھر کا حصہ تھے لیکن وہ اس کھیل سے آؤٹ ہوگئے تھے۔

روبینہ دلیک بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ بھی ہیں، اس کے علاوہ روبینہ دلیک نے 2006 میں مِس شملا کا خطاب جیتا تھا اور اس کے دو سال بعد 2008 میں اُنہوں نے مِس شمالی ہندوستان کا خطاب بھی اپنے نام کیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک مختصر ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک دنانیر نامی نوجوان لڑکی پاکستان کے شمالی علاقے نتھیا گلی میں اپنے دوستوں کے ساتھ موجود تھی اور وہاں اُس نے صرف یہ تین جملے کہے تھے:

یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہاں پاوری ہورہی ہے

دنانیر کا یہ انداز سوشل میڈیا صارفین کو اس قدر بھایا کہ رات و رات اس پر سیکڑوں ویڈیوز بنا ڈالیں اور صرف پاکستان ہی نہیں سرحد کے اُس پار بھارت میں بھی بالی ووڈ اسٹارز پاوری کرنے لگے۔